وزیر اعظم قومی ترقیاتی پروگرام کی سکیموں کو مکمل کرنے کی ہدایت

جمعرات 30 مارچ 2017 16:25

وزیر اعظم قومی ترقیاتی پروگرام کی سکیموں کو مکمل کرنے کی ہدایت
فیصل آباد۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء)وزیر اعظم قومی ترقیاتی پروگرام کی سکیموں کے انتخاب سمیت تمام مراحل شفاف اور طے شدہ شرائط کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وزیراعظم قومی ترقیاتی پروگرام کے تحت پبلک ہیلتھ انجینئرنگ،بلڈنگز،فیسکو،ایف ڈی اے،ایجوکیشن اور دیگر محکموں کی ترقیاتی سکیموں کے ضمن میں کسی کرپشن ، لاپرواہی ، سستی ، کوتاہی ، غفلت کا مظاہرہ نہ کیا جائے اور تمام سکیمیں بروقت مکمل کرنے کیلئے بھی تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ حکومت کی جانب سے مذکورہ پروگرام کے تحت مقرر کردہ ٹارگٹس کا حصول یقینی ہو سکے۔

ایک اہم اجلاس سے خطاب کے دوران فیصل آباد کے ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے ہدایت کی کہ وزیراعظم قومی ترقیاتی پروگرام عوام کو تیز رفتاری سے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے لہٰذا حقیقی عوامی ضرورت کے منصوبوں کو ہی مدنظر رکھا جائے اور سکیموں کے انتخاب سمیت تمام مراحل شفاف اور طے شدہ شرائط کے مطابق مکمل کئے جائیں۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ حکومت وزیراعظم قومی ترقیاتی پروگرام کے تحت سکیموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرانے کیلئے سنجیدہ ہے لہٰذا متعلقہ محکمے ذمہ داریوں کا ادراک کریں اور ڈویژنل و ڈسٹرکٹ فورم سے اب تک منظور ہونے والی ارکان اسمبلی کی تجویز کردہ سکیموں پر فوری عملدرآمد شروع کرائیں۔انہوں نے متعلقہ افسران سے کہا کہ وہ سکیموں کو اجلاس میں پیش کرنے سے قبل ان کا موقع پر جاکر جائزہ بھی لیں۔

اجلاس کے دوران متعلقہ محکموں کے افسران نے کمشنر کو وزیراعظم قومی ترقیاتی پروگرام کے تحت تجویز کردہ سکیموں کی تفصیلات اور محکمانہ کارروائی سے آگاہ کیا۔اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مہر رمضان،ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ رائے واجد علی،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد سعید،اسسٹنٹ کمشنر(جنرل)مہر شفقت اللہ مشتاق اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔