فیصل آباد ، اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنی تحصیلوں میں لوگوں سے روابط بڑھانے اور ان کی شکایات مقامی سطح پر فوری حل کرنے کی ہدایت

جمعرات 30 مارچ 2017 16:25

فیصل آباد۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء)تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنی تحصیلوں میں لوگوں سے روابط بڑھانے ، دفاتر میں ملاقاتوں کو اپنا شعار بنانے اور ان کی شکایات مقامی سطح پر فوری حل کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے تاکہ انہیں ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر کے چکر لگانے اور ضلعی ہیڈ کورارٹرز پر آنے کی صورت میں درپیش آنے والی پریشانیوں سے نجات مل سکے۔

ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سلمان غنی نے ضلعی محکموں کے افسران کو مزید حکم دیا ہے کہ وہ لوگوں کے مسائل تیزی سے حل کرنے پر خصوصی توجہ دیں جبکہ اس ضمن میں محکمانہ سروسز کے معیار میں مزید اضافہ کیا جائے تاکہ شہریوں کا ان پر اعتماد مضبوط ہو۔ اپنے دفتر میں کھلی کچہری کے دوران لوگوں کی شکایات/مسائل سنتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تعلیم،صحت،مواصلات،واٹر سپلائی،سیوریج اور دیگر شعبوں کی محکمانہ سروسز کے فوائد عام شہری تک پہنچنے چا ہئیں اور تمام متعلقہ محکمے مربوط حکمت عملی کے تحت فرائض انجام دیں اور ایک دوسرے پر ذمہ داری ڈالنے کی بجائے باہمی تعاون سے شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈپٹی کمشنر نے مسائل کے حل کیلئے لوگوں کی درخواستوں پر احکامات جاری کئے اور بعض افسران کو بلاکر مسائل کے حل میں تاخیر سے متعلق دریافت کیا۔کھلی کچہری میں تمام ضلعی محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔