اسٹرابری کے شوقین افراد ہوشیار، مارکیٹ میں اسپرے والی اسٹرابری آنے لگی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 30 مارچ 2017 15:32

اسٹرابری کے شوقین افراد ہوشیار، مارکیٹ میں اسپرے والی اسٹرابری آنے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 مارچ 2017ء): اسٹرابری کا سیزن آتے ہی اس کے شوقین افراد صبح ناشتے میں اسٹرابری کا ملک شیک پینا اپنی عادت بنا لیتے ہیں اور وہ افراد جنہیں اسٹرابری بے حد پسند ہے وہ ملک شیک پینے کے ساتھ ساتھ اسے کھانا بھی بے حد پسند کرتے ہیں۔ لیکن اسٹرابری کے شوقین افراد کے لیے بُری خبر یہ ہے کہ مارکیٹ میں اسپرے شدہ اسٹرابری بھی آنا شروع ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

جی ہاں! سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ پھلوں کی دکان پر موجود ایک شخص کچی اور سبز اسٹرابری کو سُرخ اسپرے کر کے اسے تازہ دکھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ویڈیو بنانے والے شخص نے اس فعل کی مذمت کی تو دکاندار کا کہنا تھا کہ لوگ سُرخ اسٹرابری لینا پسند کرتے ہیں اسی لیے دو سو روپے کا اسپرے کر کے اسے سُرخ کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین نے بھی دکاندار کے اس فعل کی سختی سے مذمت کرتے ہوئے اس دکاندار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو کو آپ بھی دیکھیں: