آئندہ انتخابات کو متنازعہ بنانے کی کوشش نہ کی جائے :قمر زمان کائرہ

جمعرات 30 مارچ 2017 16:15

آئندہ انتخابات کو متنازعہ بنانے کی کوشش نہ کی جائے :قمر زمان کائرہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 مارچ2017ء) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے حکومت پر قبل از وقت دھاندلی کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات کو معتبر بنانے کی کوشش کی جائے ‘متنازعہ مت بنایا جائے‘حکومت کے پاس پہلے سے اعلان شدہ سکیموں کے لیے پیسے نہیں جبکہ نئے منصوبوں کے اعلانات کیے جا رہے ہیں ‘عمران خان کا خیال ہے اگلے الیکشن میں سڑکیں خالی ہونگی اور مرزا یار پھرے ایسا نہیں ہوگا ‘ پیپلز پارٹی نے ری آرگنائزیشن کا عمل شروع کیا تھا ، یہ اپنے اصل موقف پر کھڑی ہوگی اور بڑی جماعت کی شکل میں ابھرے گی۔

وہ لاہور میں پیپلز پارٹی منظور وٹو کی رہائش گاہ پر میاں منظور وٹو اور ندیم افضل چن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کررہے تھے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت وقت نے فرضی منصوبے ادھورے چھوڑ کر پینک مہم شروع کردی ہے اور الیکشن کو فوکس کرکے ترقیاتی سکیمیں دی ہیںپہلے سے اعلان شدہ سکیموں کے لیے پیسے نہیں جبکہ نئے منصوبوں کے اعلانات کیے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری عدالتوں کو کیوں نظر نہیں آرہا کہ قبل از وقت دھاندلی کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی پریس کانفرنس پر تبصرہ کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر کا کہنا تھا کہ کل خان صاحب نے دھواں دار پریس کانفرنس کی اور الزام لگایا کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں پھر مک مکا ہو گیا ہے ۔ خان صاحب کا خیال تھا کہ اگلے الیکشن میں سڑکیں خالی ہونگی اور مرزا یار پھرے ، ایسا نہیں ہوگا ۔ قمر زمان کائرہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے ری آرگنائزیشن کا عمل شروع کیا تھا ، یہ اپنے اصل موقف پر کھڑی ہوگی اور بڑی جماعت کی شکل میں ابھرے گی ۔