سندھ ہائی کورٹ نے 5ارب روپے کرپشن کیس میںشرجیل میمن کی عبوری ضمانت منظور کرلی

چوہدری نثار سے کوئی ڈیل کریں گے نہ خیرات مانگیں گے ،نوازشریف کہ آمرانہ سوچ کا بھرپورمقابلہ کریں گے، شرجیل میمن سابق وزیراطلاعات سندھ نے دیگر وزرا ناصر شاہ، ممتاز جاکھرانی ،اکرام دھاریجو اور امدادپتافی کے ہمراہ سندھ ہائیکورٹ کی کینٹین میں حلوہ پوری سے ناشتہ بھی کیا

جمعرات 30 مارچ 2017 16:10

سندھ ہائی کورٹ نے 5ارب روپے کرپشن کیس میںشرجیل میمن کی عبوری ضمانت منظور ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2017ء) سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی کے رہنمااور سندھ کے سابق وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن کی5ارب روپے کرپشن کیس میں عبوری ضمانت منظور کرلی ہے۔جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں شرجیل میمن کرپشن کیس کی سماعت ہوئی، جس میں ان کی جانب سے عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی گئی جسے منظور کرلیا گیا۔

دوران سماعت شرجیل میمن نے کہاکہ ریفرنس دو سال پہلے نہیں بنا ،اکتوبر2016میں دائر کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ جب میں بیرون ملک گیاتومیرے خلاف کوئی ریفرنس نہیں تھا۔میں نے خود کوعدالتوں کے سامنے پیش کیا۔ضمانت کے بعد عدالت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہاکہ چوہدری نثار سے کوئی ڈیل کریں گے نہ خیرات مانگیں گے ہم نوازشریف کہ آمرانہ سوچ کا بھرپورمقابلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

ہمیں عدالتوں میں صفائی پیش کرنے کا حق حاصل ہے ضمانت منظور ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ مجھ پر میری غیر موجودگی میں کیس بنائے گئے میں نے خود کو عدالتوں کے سامنے پیش کیا ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ کچھ نام نہاد سیاست دان ڈیل کا تاثر دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ ڈاکٹرعاصم کی رہائی کو ڈیل کانتیجہ قراردیناانتہائی افسوسناک ہے۔

شرجیل میمن نے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کو اس موقع پر آڑے ہاتھوں لیا اور انہیں مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے کہ کس قانون کے تحت میرانام ای سی ایل میں ڈالا گیا۔وفاقی وزیرِ داخلہ نے ای سی ایل کو اپنی جاگیر سمجھ لیا ہے۔دوسری جانب ضمانت کے لئے آئے سابق وزیراطلاعات سندھ نے دیگر وزرا کے ہمراہ سندھ ہائی کورٹ کی کینٹین میں حلوہ پوری سے ناشتہ بھی کیا ان کے ہمراہ ناصر شاہ، ممتاز جاکھرانی ،اکرام دھاریجو ،رکن سندھ اسمبلی امداد پتافی و دیگر شامل تھے۔