ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے تمام ممبران کی رکنیت کی تجدید کا کل آخری دن

جمعرات 30 مارچ 2017 15:00

فیصل آباد۔30 مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 مارچ2017ء)ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد نے تمام ممبران کو کل رکنیت کی تجدید کروانے کی ہدایت کی ہے اورکہاہے کہ چونکہ چیمبر کے تمام ممبران کی رکنیت آج31مارچ بروز جمعہ کو ختم ہو رہی ہے لہٰذاوہ اپنی رکنیت کی تجدیدکروالیںتاکہ بعد ازاں انہیں کسی مشکل یاپریشانی کاسامنا نہ کرناپڑے۔ سیکرٹری جنرل ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد نے بتایاکہ میمورنڈم اینڈ آرٹیکلز آف ایسوسی ایشن کے تحت ممبران کی سالانہ تجدید ہونا ضروری ہے ۔

انہوںنے کہاکہ تمام ممبران گزشتہ سال 2016ء کی انکم ٹیکس ریٹرن یا محکمہ انکم ٹیکس سے تصدیق شدہ فارم 143بی کی کاپی ، کارپوریٹ کلاس کیلئے تازہ ترین سیلز ٹیکس ریٹرن ، چیمبرکی رکنیت کاسرٹیفکیٹ اور مکمل کوائف فراہم کرنے سمیت رکنیت کی تجدیدی فیس جمع کروا کر اپنی رکنیت کی رینیوول کروا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد نے اپنے ممبران کو شناختی کارڈ جاری کرنے کا بھی فیصلہ کیاہے لہٰذا چیمبر کے جومعزز ممبران ایف سی سی آئی کا شناختی کارڈ حاصل کرنا چاہتے ہوں وہ سیکرٹری جنرل کے پاس 200 روپے فیس جمع کروا کر مذکورہ کارڈ حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ واحد ملکیت اور پروپرائیٹر شپ کے علاوہ پارٹنر شپ کی صورت میں منیجنگ پارٹنر یا جس کو متعلقہ فرم نامزد کرے گی کو کارڈ جاری کیاجائیگا۔ انہوںنے بتایا کہ لمیٹڈ یا پرائیویٹ کمپنی کی صورت میں چیف ایگزیکٹو یا ڈائریکٹرمیں سے ایک شخص کو کارڈ کا اجراء کیا جائیگا ۔ انہوںنے کہاکہ مزید معلومات یارہنمائی کیلئے چیمبر کے فون نمبر 041-9230265-67 پر بھی رابطہ کیاجا سکتا ہے۔