اسپاٹ فکسنگ کیس میں اہم پیشرفت ، ایف آئی اے بکیوں کے بین الاقوامی نیٹ ورک تک پہنچ گیا

بکی لاہور،کراچی اور دبئی سے کھلاڑیوں سے رابطے کرتے رہے،محمد عرفان نے ہر طرح کی آفر ٹھکرا دی‘ ذرائع

جمعرات 30 مارچ 2017 14:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2017ء) پاکستان سپر لیگ اسپاٹ فکسنگ کیس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، ایف آئی اے بکیوں کے بین الاقوامی نیٹ ورک تک پہنچ گیا،بکی لاہور،کراچی اور دبئی سے کھلاڑیوں سے رابطے کرتے رہے،محمد عرفان نے ہر طرح کی آفر ٹھکرا دی ۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے پی ایس ایل کے دوران اسپاٹ فکسنگ کے لئے کھلاڑیوں سے رابطے کرنے والے بکیز کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

بکیوں کی جانب سے لاہور، کراچی اور دبئی میں ہونے والے رابطوں کی تفصیلات ایف آئی اے کو مل گئی ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹر محمد عرفان نے اپنے بیان میں حقائق سے پردہ اٹھایا ۔ کراچی کے بکی ساجد لطیف نے محمد عرفان سے رابطہ کیا تاہم محمد عرفان نے ہر طرح کی پیشکش کوٹھکرا دیا۔ بکی ساجد لطیف کا رابطہ دبئی کے بڑے بکی یوسف اور ایوب بھائی سے تھا ۔ دو بڑے بکی عبید بھائی اور مصری شاہ کے بھی کھلاڑیوں سے رابطے ہوئے جن کی چھان بین کی جارہی ہے ۔