پاکستان کا مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر تشویش کا اظہار-عالمی برادری اور اقوام متحدہ ، بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکے- بھارت جناح ہاﺅس کی پاکستانی ملکیت اور اس کی اہمیت کا خیال رکھے۔ ترجمان دفترخارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 30 مارچ 2017 13:30

پاکستان کا مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر تشویش کا اظہار-عالمی ..
ا سلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔30 مارچ۔2017ء) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے- ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے دفترخارجہ میں ہفتہ وار بریفینگ کے دوران کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی دبانے کے لیے ظلم کا بازار گرم ہے، بھارتی افواج نے گزشتہ روز بھی چار نوجوان کشمیریوں کا بہیمانہ قتل کیا، مقبوضہ کشمیرمیں ایک شہید کے جنازے پربارود کا استعمال کیا گیا، نئی شہادتوں سے شہید کشمیریوں کی تعداد 150 ہو گئی ہے جب کہ11 ہزار سے زائد کشمیریوں کی بینائی پیلٹ سے متاثر ہوئی، ہم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

عالمی برادری اور اقوام متحدہ ، بھارت کو کشمیریوں کی نسل کشی سے روکے۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی کے غیر مستقل انسانی حقوق کمیشن نے آزاد کشمیر کا دورہ کیا لیکن بھارت نے کمیشن کو مقبوضہ کشمیر کے دورے کی اجازت نہیں دی جوکہ انتہائی افسوس ناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی میں جناح ہاﺅس قائداعظم کی رہائش گاہ رہا ہے اس لئے بھارت جناح ہاﺅس کی پاکستانی ملکیت اور اس کی اہمیت کا خیال رکھے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ پاکستان بھارتی حمایت یافتہ اور مالی امداد سے جاری دہشت گردی کا شکار ہے، سمجھوتہ ایکسپریس سانحہ میں بھارتی سرکاری اداروں کا ہاتھ ثابت شدہ ہے، کلبھوشن یادیو کی پاکستان میں موجودگی اور گرفتاری سے بڑھ کر بھارتی مداخلت کا کوئی ثبوت نہیں ہوسکتا۔ بین الاقوامی برادری کو بھارتی راہنماوں کے بیانات کا نوٹس لینا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں وہیں کی ہندو انتہا پسند تنظیمیں دہشت گردی کر کے الزام دوسروں پر لگاتی ہیں، بھارت میں اقلیتوں باالخصوص مسلمانوں کے ساتھ ناروا سلوک معمول بن چکا، بھارتی گجرات میں 2002 میں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا۔نفیس زکریا کا کہنا تھا کہ سی پیک سے ملک میں توانائی کی قلت پر قابو پانے میں مدد ملے گی، سی پیک کے تحت حال ہی میں حب کول پاور پلانٹ کا افتتاح کیا گیا۔