کراچی میں واقع ایدھی سینٹر میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی چیمپنئز ٹرافی کی نقاب کشائی کی تقریب ،ْ عبد الستار ایدھی کو خراج عقیدت

ایدھی صاحب نے انسانیت کی بہت خدمت کی، پاکستان پر احسان کیا، لہذا ان کا مشن جاری رہنا چاہیے ،ْ شاہد آفریدی

جمعرات 30 مارچ 2017 13:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2017ء) کراچی میں واقع ایدھی سینٹر میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی چیمپیئنز ٹرافی کی نقاب کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے چیمپئنز ٹرافی کی نقاب کشائی کی۔ٹرافی کے ساتھ آئی سی سی اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے آفیشلز بھی موجود تھے، جنھوں نے عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایدھی ہوم میں موجود بچے آئی سی سی چیمپینز ٹرافی دیکھ کر خوشی سے نہال ہوگئے۔تقریب کے موقع پر عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی اور ان کی والدہ بلقیس ایدھی بھی موجود تھیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے عبدالستار ایدھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایدھی صاحب نے انسانیت کی بہت خدمت کی، انھوں نے پاکستان پر احسان کیا، لہذا ان کا مشن جاری رہنا چاہیے۔سابق کپتان نے کہاکہ پاکستان تینوں شعبوں میں اچھی کارکردگی دکھاکر ہی چیمپئنز ٹرافی جیت سکتا ہے۔