اسٹیٹ بینک عبدالستار ایدھی کی انسانیت کیلئے خدمات کے اعتراف میں کل50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کریگا

جمعرات 30 مارچ 2017 12:55

اسٹیٹ بینک عبدالستار ایدھی کی انسانیت کیلئے خدمات کے اعتراف میں کل50 ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 مارچ2017ء) اسٹیٹ بینک عبدالستار ایدھی کی انسانیت کیلئے خدمات کے اعتراف میں کل ( جمعہ) کو 50 روپے کا یادگاری سکہ جاری کرے گا ۔یادگاری سکہ ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر کے ایکسچینج کائونٹرز سے جاری کیا جائے گا۔سکہ تانبے اور نکل سے بنا ہے جس میں تانبے کا تناسب 75 فیصد اور نکل کا 25 فیصد ہے۔

اس کا قطر 30ملی میٹر اور وزن 13.50گرام ہے ۔

(جاری ہے)

سامنے کے رخ پر وسط میں بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ نوکوں کا ابھرتا ہوا ستارہ ہے جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔ ستارے اور ہلال کے اوپر کنارے کے ساتھ ساتھ اردو میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کندہ ہے۔ ہلال کے نیچے اور گندم کی اوپر کی طرف خمیدہ دو بالیوں کے اوپر عددی صورت میں عبدالستار ایدھی کا سال وفات درج ہے۔ ستارے اور ہلال کے دائیں اور بائیں جانب بالترتیب سکے کی مالیت 50 اور اردو میں روپیہ لکھا ہے۔پچھلے رخ پر وسط میں عبدالستار ایدھی کا یک رخی تصویری عکس ہے جس کی بالائی سمت میں عہد انسانیت عبدالستار ایدھی درج ہے۔ اس عکس کے نیچے عبدالستار ایدھی کا عرصہ حیات 1928-2016 نیم دائرے کی صورت میں درج ہے۔

متعلقہ عنوان :