معاشی اور سیاسی دہشتگردوں کیخلاف عوام کو ردالفساد کرناہوگا، سراج الحق

بدھ 29 مارچ 2017 22:46

معاشی اور سیاسی دہشتگردوں کیخلاف عوام کو ردالفساد کرناہوگا، سراج الحق
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عوام آئندہ انتخابات میں سیاسی و معاشی دہشتگردی کا محاسبہ کریں ۔ کرپٹ اشرافیہ نے پاکستان کو کنگال اور عالمی بھکاری بنادیاہے ، نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں ۔ اقتدار ملا تو ملک کو خوشحالی و ترقی کی راہ پر گامزن کردیں گے ۔

تعلیم مفت ، اشیائے صرف کی قیمتوں میں کمی ، پانچ بیماریوں کا مفت علاج معالجہ کریں گے ۔ قوم کا بچہ بچہ جانتاہے کہ حکمرانوں نے کرپشن میں سپیشلائزیشن کر رکھی ہے ۔ وہ لوٹ کھسوٹ او ر ڈکیتی کے ماسٹر مائنڈ ہیں ۔ حکمرانوں نے صوفے بھی نوٹوں سے بھر رکھے ہیں ۔ ملک کو مالی اور اخلاقی کرپشن سے بچانا ہے ۔ ردالفساد کے نتیجہ میں بہتری آئی ہے مگر کرپشن کے خلاف فوج ، رینجرز اور پولیس آپریشن نہیں کرسکتی۔

(جاری ہے)

معاشی اور سیاسی دہشتگردوں کے خلاف عوام کو ردالفساد کرناہوگا۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ اسلامیہ کالج سول لائنز میں اسلامی جمعیت طلبہ کے زیراہتمام سالانہ عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پروفیسر عبدالرشید ، معروف صحافی سلمان غنی ، اسلامی جمعیت طلبہ پاکستا ن کے ناظم اعلیٰ صہیب الدین کاکاخیل ، ناظم جمعیت لاہور جبران بن سلمان و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔

سینیٹرسراج الحق نے کہاکہ ملک پر 70 ارب ڈالر بیرونی قرضہ ہے جبکہ سینکڑوں ارب ڈالر پاکستان سے باہر غیر ملکی بنکوں میں پڑے ہیں ، جس سے ثابت ہوتاہے کہ پاکستان کے پاس بے پناہ وسائل ہیں لیکن کرپٹ حکمرانوں کی بدولت عوام مفلو ک الحال ، پاکستا ن بدحال جبکہ حکمران خوشحال سے خوشحال تر ہوتے جارہے ہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکمران قائد اعظم کے پاکستان کی حفاظت کرنے اور دنیا میں اس کے وقار کو سربلند رکھنے میں ناکام ہوئے ہیں ۔

کرپٹ حکمرانوں نے پاکستان کے نظریے اور جغرافیہ دونوں سے بے وفائی اور ردگردانی کی ۔ پاکستان کا سبز پاسپورٹ دنیا کے ہر ایئر پورٹ پر بدنام ہورہاہے ۔ کرپٹ اور بددیانت حکمرانوں نے ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح پاکستان کو چراگاہ بنارکھاہے ۔ حکمران عالمی استعمار اور امریکہ کی غلامی کا طوق گلے سے اتارنے کے لیے تیار نہیں ۔ اقتدار میں آ کر پائی پائی کا حساب لیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں ۔ نوجوانوں کے لیے روزگار کے دروازے کھولیں گے ۔ عوام تعلیم، صحت ، بے روزگاری ، مہنگائی کے ہاتھوں پریشان ہیں مگر حکمران سب اچھا کی گردان کررہے ہیں ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ نوجوان ملک سے کرپشن کے خاتمہ کے عظیم الشان آپریشن کے لیے تیار ہو جائیں ۔ کرپٹ ٹولے سے نجات حاصل کیے بغیر غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری ، جہالت اور لوڈشیڈنگ جیسی بیماریوں سے جان نہیں چھوٹ سکتی ۔

انہو ں نے کہاکہ قائداعظم ؒ کے اس خواب کو شرمندہ ٴ تعبیر نوجوانوں نے کرناہے کہ پاکستان دنیا بھر میں مسلمانوں کے لیے قلعہ اور اسلام کی تجربہ گاہ بنے گا ۔سینئر صحافی و تجزیہ نگار سلمان غنی نے کہاکہ پاکستا ن کے نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں اور اسلامی جمعیت طلبہ ملک کی اسلامی و نظریاتی تشخص کے لیے بے مثال قربانیاں ہیں ۔نوجوان علم و ادب اور تحقیق پر توجہ دیں ۔ جمعیت نے سیکولرازم اور لبرل ازم کے خلاف نظریاتی جنگ جیتی ہے۔ انہو ں نے کہاکہ کشمیر پاکستا ن کی شہ رگ ہے اور اس کی آزادی کے لیے سب کو اپنی اپنی سطح پر بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے ۔

متعلقہ عنوان :