صوبے بھر میں ہیپاٹائٹس کا شکار مریضوں کی تعداد دو لاکھ 12 ہزار 778 ہے، وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو

بدھ 29 مارچ 2017 22:17

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو نے سندھ اسمبلی کو بتایا ہے کہ صوبے بھر میں ہیپاٹائٹس کا شکار مریضوں کی کل تعداد دو لاکھ 12 ہزار 778 ہے، اس مرض کے موثر علاج کے لیے انجیکشن کے بجائے اب گولیاں بھی دستیاب ہیں، پہلے اس مرض کے علاج کے لیے 28 گولیوں کی قیمت 32 ہزار روپے تھی لیکن پاکستان ڈرگ لیگولیٹری اتھارٹی قیمت کراکے 5 ہزار 868 روپے مقرر کرا دی ہے۔

انہوں نے یہ بات بدھ کو سندھ اسمبلی میں محکمہ صحت سے متعلق ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ہیپاٹائٹس کا مرض عمومی طور پر خون کی منتقلی کے سبب پھیلتا ہے ۔ پوری دنیا میں اس مرض میں مبتلا لوگوں کی تعداد 5 ہزار ملین تک جا پہنچی ہے ۔

(جاری ہے)

دنیا بھر کے ممالک اپنے وسائل اور عالمی اداروں کے تعاون سے اس مرض پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ پورے سکھر ڈویژن میں اس مرض کے نتیجے میں پیدا ہونے والی پیچیدگیوں سے 15 اموات ہوئی ہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تب دق ایک وائرل بیماری ہے اور سندھ میں اس مرض میں مبتلا مریضوں کی رجسٹرڈ تعداد 72 ہزار 500 ہے ، جن کے علاج معالجے کے لیے پورے سندھ میں ٹی بی کے مراکز ہیں اور وہاں علاج کے لیے آنے والوں کو خرچہ اور ٹی اے ڈی اے بھی دیا جاتا ہے اور ان کے ساتھ آنے والوں کی مالی اعانت بھی کی جاتی ہے ۔

انہوں نے کہاکہ ٹی بی کے مرض میں مبتلا ایک مریض کے علاج پر حکومت سندھ اوسطاً 8 لاکھ روپے خرچ کرتی ہے ۔ ٹھٹھہ میں 5 ٹی بی کے کلینک موجود ہے جبکہ تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتالوں اور تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتالوں میں ٹی بی کے مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتیں موجود ہیں ۔اسپیکر آغا سراج درانی نے ایوان کی کارروائی جمعہ کی صبح 10 بجے تک ملتوی کر دی ۔

متعلقہ عنوان :