رجب کا چاند نظر آگیا، کل یکم رجب ہو گی، مفتی منیب الرحمان

بدھ 29 مارچ 2017 22:16

رجب کا چاند نظر آگیا، کل یکم رجب ہو گی، مفتی منیب الرحمان
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کے چیئرمین مفتئ اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ بدھ کو رجب المرجب 1438ھ کا چاند نظر آگیا، یکم رجب (آج) جمعرات کو ہو گی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی زیرِ صدارت دفتر محکمہٴ موسمیات یونیورسٹی روڈ کراچی میں منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی سے علامہ عبداللہ غازی اور زونل کمیٹی سے مولانا اسد دیوبندی، مفتی منیر احمد طارق، قاری نذیر احمد نعیمی، مولانا صابر نورانی، مولانا فیروز الدین رحمانی اور علامہ سید علی کرار نقوی نے شرکت کی۔ اس موقع پر فنی معاونت کے لئے ڈائریکٹر محکمہٴ موسمیات عبدالرشید اور سپارکو سے غلام مصطفی بھی موجود تھے۔ ملک بھر میں زونل رویتِ ہلال کمیٹیوں کے اجلاس اُن کے اپنے اپنے مراکز پر منعقد ہوئے۔ کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوہاٹ سے رویت کی شہادتیں موصول ہوئیں۔ چاند کی رویت کے بعد اجلاس میں اتفاقِ رائے سے فیصلہ کیا گیاکہ شبِ معراج 24 اپریل (پیر اورمنگل کی درمیانی شب) کو ہو گی۔