سندھ نیشنل فرنٹ کی جانب سے نوڈیرو اسٹیڈیم میں منعقدہ جلسہ عام کی تیاریاں مکمل ہوگئیں

بدھ 29 مارچ 2017 22:05

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) سندھ نیشنل فرنٹ سکھر و لاڑکانہ ڈویزن کی جانب سے سندھی جاگو سندھ بچاؤعوامی رابطہ مہم اور سندھ سے ہونے والی ناانصافیوں اور کرپشن کے خلاف آج (جمعرات) 30 مارچ 2017 بروز جمعرات دوپہر تین بجے نوڈیرو اسٹیڈیم میں منعقدہ جلسہء عام کی تیاریاں مکمل ہوگئیں۔ اس سلسلے میں سندھ نیشنل فرنٹ کے وائس چیئرمین جناب امیر بخش خان بھٹو نوڈیرو اسٹیڈیم پہنچ کر اسٹیج اور جلسے گاہ کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔

اس موقعے پر جلسے عام کو کامیاب بنانے کے لئے بنائی گئی 8 مختلف کامیٹیوں کے سربراہوں سے تفصیلات معلوم کیے۔

(جاری ہے)

اس موقعے پر کامیٹیوں کے سربراہوں نے امیر بخش خان بھٹو کو رپورٹ دیتے ہوئے بتایا کہ 50 ہزار افراد کے گنجائش والے نوڈیرو اسٹیڈیم میں 40/30 فوٹ پر مشتمل اسٹیج بنائی گئی ہے اور 20 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں، جبکہ 20 ایکڑ پر مشتمل زمین کو ہموار کر کے پارکنگ کا کام مکمل ہوگیا ہے، جبکہ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے نمائدوں کے بیٹھنے اور کوریج کیلئے 20/15 فوٹ پر مشتمل علحدہ اسٹیج تیار کیا گیا ہے، اس کے علاوہ 2 ہزار کرسیوں پر مشتمل الگ پورشن لیڈیز کیلئے مختص کیا گیا ہے، دوسری جانب سندھ نیشنل فرنٹ کے 300 جوان جلسے گاہ کی مجموعی سیکیورٹی سرانجام دیں گے، جلسے گاہ کے تمام تر انتظامات پر امیر بخش بھٹو نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سکھر و لاڑکانہ ڈویزن سے وفود کی صورت میں آنے والے پارٹی رہنماؤں، کارکنان و عہدیدارن اور ہمدردوں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ کمیٹیوں کے رہنماؤں اور سیکیورٹی پر معمول پارٹی جوانوں کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :