سابق رکن قومی اسمبلی میر حسن کھوسو کے بھتیجے طاہر حسین کھوسو نے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا

پیپلز پارٹی اور عوام کا چولی دامن کا ساتھ ہے، کوئی سازش ہمیں عوام سے دور نہیں کرسکتی، فریال تالپور

بدھ 29 مارچ 2017 21:59

سابق رکن قومی اسمبلی میر حسن کھوسو کے بھتیجے طاہر حسین کھوسو نے ساتھیوں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) جیکب آباد ضلع سے تعلق رکھنے والے سابق رکن قومی اسمبلی میر حسن کھوسو کے بھتیجے میر طاہر حسین کھوسو نے بدھ کو پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی فریال تالپور سے ملاقات کی اور اپنے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر میر طاہر حسین کھوسو کے ہمراہ خیر محمد خان کھوسو، میر ریاض خان کھوسو، راشد خان کھوسو، غلام قادر خان کھوسو جبکہ بنگلانی، دایا، چنہ، نہاڑ، ٹانوری اور دیگر برادریوں سے تعلق رکھنے والے درجنوں افراد بھی پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

اس موقع پر جیکب آباد سے رکن قومی اسمبلی اعجاز جکھرانی، صوبائی وزیر میر ہزار خان بجارانی، رمیش لال، شبیر خان بجارانی، اورنگزیب پنہور اور جیکب آباد سے تعلق رکھنے والے پی پی کے رہنما بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر فریال تالپور نے رہنمائوں کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے، جو عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور عوام کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔ کوئی سازش ہمیں عوام سے دور نہیں کرسکتی۔ انہوں نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے علاقوں میں عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔