گروپ بندیوں سے پارٹی کو نقصان ہو گا، تمام لوگ ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئے پارٹی کا منشور عوام تک پہنچائیں، اسد قیصر

بدھ 29 مارچ 2017 21:42

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ گروپ بندیوں سے پارٹی کو نقصان ہو گا، تمام لوگ ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئے پارٹی پالیسیوں کے مطابق پارٹی کا منشور عوام تک پہنچائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات مشتاق احمد غنی کی والدہ کی وفات پر تعزیت کے موقع پر ڈویژنل سیکرٹری انفارمیشن وسیم شہزاد خٹک سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹی تنظیم نو کے مرحلہ سے گذر رہی ہے، ہماری خواہش ہے کہ تنظیم سازی کے عمل میں بھی میرٹ کا خیال رکھا جائے اور مخلص نظریاتی اور اہل لوگوں کو سامنے لایا جائے تاکہ پارٹی کو فعال کیا جا سکے۔ اسد قیصر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے مختصر عرصہ میں جو انقلابی تبدیلیاں لائی ہیں اس سے عوام خود تبدیلی محسوس کریں گے، ہم نے گذشتہ 65 سالوں کا گند صاف کرنے کی جانب خصوصی توجہ دی ہے، ایک مخصوص لابی پارٹی کے خلاف مسلسل سازشیں کرنے میں مصروف ہے لیکن ہم ان سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، مخالفین کو شرمندگی کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آئے گا، آئندہ الیکشن میں ہم کارکردگی کی بنیاد پر کامیابی حاصل کریں گے، کارکن آئندہ الیکشن کیلئے بھرپور تیاری کریں۔

متعلقہ عنوان :