پانی کے مسئلہ پر آل پارٹیز کانفرنس طلب کر کے اس سنگین مسئلہ کا حل نکالیں گے، تحصیل ناظم مانسہرہ خرم خان

بدھ 29 مارچ 2017 21:41

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) تحصیل ناظم مانسہرہ خرم خان نے کہا ہے کہ پانی کے مسئلہ پر آل پارٹیز کانفرنس طلب کر کے اس سنگین مسئلہ کا حل نکالیں گے، اس وقت مانسہرہ میں پانی کی شدید قلت ہے، عوام کے مسائل سے غافل نہیں ہیں۔ وہ بدھ کو سٹی نمبر 3 سے ممتاز سماجی کارکن کونسلر ملک بابو ذوالقرنین کی قیادت میں ملنے والا وفد سے بات چیت کر رہے تھے۔

وفد میں قاری شیر احمد، حاجی علی زمان، حاجی شفیق، حاجی محمد بشیر، بابو اعجاز، حاجی کالا خان، سید سجاد حسین شاہ، روشن چیئرمین اور دیگر شامل تھے۔ وفد نے بتایا کہ محلہ چنئی، محلہ دھرمیاں، محلہ نیک آباد، محلہ عثمانیہ مسجد، محلہ مدینہ کالونی ڈب نمبر 2 میں عوام پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، گھروں کے کنویں خشک ہو چکے ہیں اور یہاںکی عوام پریشانی سے دوچار ہے۔

(جاری ہے)

وفد نے مزید کہا کہ ہمارے منتخب نمائندے سرجوڑ کر پانی کے مسائل کا حل نکالیں۔ وفد کو تحصیل ناطم خرم خان نے یقین دہانی کرائی کہ ترجیحی بنیادوں پر پانی کا مسئلہ حل کریں گے، اس پر آل پارٹیز اجلاس طلب کریں گے اور پانی کے بحران کا حل نکالیں گے۔ وفد نے تحصیل ناظم خرم خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس مسئلہ کا حل نکل آئے گا اور عوام کو پانی کی قلت سے نجات ملے گی۔

متعلقہ عنوان :