ْضلعی انتظامیہ نے ڈینگی مچھروں کی افزائش کی رو ک تھام کیلئے پیشگی اقدامات شروع کر دیئے

بدھ 29 مارچ 2017 21:41

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) ایبٹ آباد کی ضلعی انتظامیہ نے موسم گرما میں ڈینگی مچھروں کی افزائش کی رو ک تھام کیلئے پیشگی اور سنجیدہ اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔ ان قدامات کا فیصلہ ڈینگی کنٹرول کی ضلعی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جو کمیٹی کے چیئرمین ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) اورنگزیب حیدر کی صدارت میں منعقد ہوا۔

اجلاس کے دوران رواں موسم میں ڈینگی مچھروں کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر ان موذی مچھروں کی افزائش کے انسداد کیلئے منصوبہ بندی اور ڈینگی پر کنٹرول کے اقدامات کے بارے میں متعلقہ محکموں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس ضمن میں متعدد اہم فیصلے بھی کئے گئے۔ اجلاس کے فیصلہ کے مطابق پوری ضلع میں مچھروں کی افزائش کا باعث بننے والے کھڑے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے اور نکاسی ناممکن ہونے کی صورت میں اس پر لاروا کش ادویات کا سپرے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے عام لوگو ں کو ڈینگی سے بچائو کی حفاظتی تدابیر سے آگاہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے آگاہی کو حفاظتی اقدامات کا لازمی جزو قرار دیتے ہوئے متعلقہ ضلعی محکموں کو ہدایت کی کہ وہ ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں طلبہ اور میڈیا پر تشہر کے ذریعہ عوام الناس کی آگاہی کیلئے بھرپور اور موثر مہم شروع کریں۔ انہوں نے ٹی ایم اے اور کنٹونمنٹ بورڈز کو ہدا یت کی کہ وہ ضلع بھر میں مچھر مار سپرے کے اقدامات فوری طور پر شروع کریں۔

اجلاس کے فیصلہ کے مطابق تمام متعلقہ ضلعی محکمے اور ادارے انسداد ڈینگی مہم کو مربوط اور کامیاب بنانے کیلئے ایک ایک افسر نامزد کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے ایوب ٹیچنگ ہسپتال اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرز ہسپتالوں کے حکام کو ہدایت کی کہ وہ ان ہسپتالوں میں کم از کم دس دس بستر ڈینگی کے مریضوں کیلئے مختص کر دیں۔ اس سے قبل ڈینگی کنٹرول کمیٹی اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر قاسم خان نے اجلاس کو کمیٹی کے اغراض و مقاصد اور ڈینگی بخار سے متعلق معلومات اور تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں صحت، تعلیم، پبلک ہیلتھ، ماحولیات، سوشل ویلفیئر، پو لیس، اے ایم سی، ڈی ایچ کیو ہسپتال، ٹی ایم اے حویلیاں، ایبٹ آباد و نواں شہر، بلدیات کے محکموںکے افسران، پریس کلب، سنگی ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن و پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :