ایبٹ آباد، سالانہ امتحانات میں پہلی بار 143 امتحانی سنٹروں کی کیمروں کے ذریعہ مانیٹرنگ کا عمل جاری

بدھ 29 مارچ 2017 21:41

ایبٹ آباد، سالانہ امتحانات میں پہلی بار 143 امتحانی سنٹروں کی کیمروں ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) ایبٹ آباد بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں پہلی بار 143 امتحانی سنٹروں کی کیمروں سے مانیٹرنگ کا عمل شروع کیا ہے، کنٹرول روم کے ذریعہ براہ راست ہدایات بھی جاری کی جاتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات میں 143 امتحانی سنٹروں کی کمیروں کی مدد سے مانیٹرنگ کا عمل شروع کر رکھا ہے جس کے ذریعہ امتحان میں شامل طلباء و طالبات اور عملہ پر کڑی نظر رکھنے کے ساتھ ساتھ انہیں براہ راست ہدایات بھی جاری کی جاتی ہیں۔

کنٹرول امتحانات جہانزیب خان نے کہا کہ میٹرک کے جاری امتحانات میں کل 450 سنٹرز ہیں جبکہ ابتدائی طور پر پوزیشن ہولڈر سکولوں سمیت 143 سنٹروں کی کمیروں کے ذریعہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، کنٹرول روم کے علاوہ چیئرمین بورڈ، کنٹرولر امتحانات اور اسسٹنٹ کنٹرولر ٹیب کے ذریعہ بھی چیکنگ کرتے ہیں جبکہ کنٹررول روم سے امتحانی سنٹروں میں لگے مائیک کے ذریعہ کسی بھی غلطی کی صورت یا نشاندہی کیلئے براہ راست ہدایات بھی جاری کی جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آمدہ انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں تمام 215 امتحانی سنٹروں کی کیمروں کے ذریعہ مانیٹرنگ کی جائے گی جس کیلئے تمام سکولوں اور سنٹروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، امتحانی سنٹروں کی کیمروں کے ذریعہ مانیٹرنگ کا تجربہ پورے ملک میں سب سے پہلے ایبٹ آباد بورڈ نے کیا ہے جس کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں جبکہ مانیٹرنگ کے عمل سے نقل کے عمل کی روک تھام میں بھی بھرپور مدد ملے گی۔