پولیس نے ڈکیت گروہ کے دو ملزمان گرفتار کر لئے

بدھ 29 مارچ 2017 21:41

پولیس نے ڈکیت گروہ کے دو ملزمان گرفتار کر لئے
ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) پولیس نے گن پوائنٹ پر ڈرائیور سے ڈیڑھ لاکھ روپے چھین کر فرار ہونے والے ڈکیت گروہ کے دو ملزمان گرفتار کر لئے، مقامی عدالت نے دونوں ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالہ کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ماہ جنوری میں تھانہ بیڑ کے دور افتادہ علاقہ کھیری میں مقامی دکانداروں کو سامان کی شہر سے گائوں کو ترسیل کرنے والے ڈرائیور خوشی محمد کو نامعلوم ملزمان نے راستہ میں روک کر لوٹ لیا، ملزمان ڈرائیور سے گن پوائنٹ کے ذریعہ تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے کی رقم ہتھیانے کے بعد بآسانی فرار ہو گئے جس کے بعد ڈرائیور نے تھانہ بیڑ میں نامعلوم ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 382/34 پی پی سی رپورٹ درج کرائی۔

بعد ازاں مقامی پولیس نے اندھی ڈکیتی کی انتہائی باریک بینی سے تفتیش کرتے ہوئے دو ملزمان سفیر ولد خواج دین سکنہ کروالہ اور سلیم سکنہ گندف کو گرفتار کر لیا جنہیں بدھ کے روز مقامی عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ کی استدعا کی گئی جس پر عدالت نے ملزمان کا دو روزہ ریمانڈ منظور کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش بھی جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :