پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا

بدھ 29 مارچ 2017 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) پاکستان رینجرز سندھ نے شہر کے مختلف علاقوں میں پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمان بھتہ خوری، جلائو گھیرائو، منشیات فروشی، سہولت کاری اور ڈکیتی سمیت جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔ ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق رینجرز نے ناظم آباد کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے رئوف عرف کالا کو گرفتار کرلیا، جس کا تعلق ایم کیو ایم لندن کے عسکری ونگ سے ہے۔

ملزم نے 2010ء میں بس پر کیمیکل پھینک کر آگ لگائی تھی جس سے 5 افراد جل کر لقمہ اجل بن گئے تھے۔ اس کے علاوہ ملزم بھتہ خوری اور سہولت کاری جیسے جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ رینجرز نے اتحاد ٹائون اور مدینہ کالونی کے علاقوں میں کارروائیاں کرکے لیاری گینگ وار کے 2ملزمان عبدالستار اور محمد عیسیٰ بلوچ کو گرفتار کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان بھتہ خوری، گینگ وار کی سہولت کاری اور منشیات فروشی جیسے جرائم کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔

رینجرز ترجمان کے مطابق گلبرگ کے علاقے میں اسنیپ چیکنگ کے دوران ایک ڈکیت عبدالسلام کو رینجرز نے گرفتار کرلیا۔ ملزم ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ ترجمان کے مطابق ناظم آباد کے علاقے میں رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے ایک منشیات فروش یعقوب سندھی کو گرفتار کرلیا۔ مذکورہ ملزم منشیات فروشی کے کاروبار میں ملوث ہے۔ ملزم سے بھاری تعداد میں منشیات بھی برآمد کی گئی ہے۔ ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن اور منشیات بھی برآمد ہوئی ہے۔ ملزمان کو قانونی چارہ جوئی کے لئے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :