بلاول بھٹو زرداری ملک کے آئندہ وزیراعظم ہوں گے، اعجاز درانی

سبق نا حاصل کرنے والوں کو سبق سکھانے والے سے سبق حاصل کرنا چاہئے جس کا نام آصف علی زرداری ہے ، ترجمان بلاول ہائوس

بدھ 29 مارچ 2017 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) بلاول ہائوس کے ترجمان اعجاز درانی نے کہا ہے سبق نا حاصل کرنے والوں کو سبق سکھانے والے سے سبق حاصل کرنا چاہئے جس کا نام آصف علی زرداری ہے جس نے قربانیوں کی تاریخ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ پیپلزپارٹی آئندہ انتخابات میں ملک بھر سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری ملک کے اگلے وزیراعظم ہوں گے، ان کا کہنا تھا کہ اب کوئی ڈکٹیٹر جمہوریت پر شب خون نہیں مارسکتا، ان خیالات کا اظہار ترجمان بلاول ہاس اعجاز درانی نے رام سوامی، صدر، رنچھوڑ لائن، کھارادر، بھیم پورہ سمیت کراچی کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے جیالوں سے ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقعے پر اعجاز درانی کا کہنا تھا کہ فوجی ڈکٹیٹر ہو یا عدالتی ڈکٹیٹر پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کے خواب دیکھنے والوں کے خواب ہمیشہ چکنا چور ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے 2013 کے عام انتخابات کو آر اوز کا الیکشن قراد دیا تھا اور صرف جمہوریت کی بقا کے لئے نتائج کو تسلیم کیا۔ اعجاز درانی کا کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نواسے، شہید رانی اور آصف علی زرداری کے لخت جگر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو عوام کی طاقت سے وزیراعظم بنائیں گے کیونکہ اس بات کا عہد سابق صدر آصف علی زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو سے کیا تھا۔

اعجاز درانی نے کہا کہ اب کوئی جسٹس مولوی مشتاق، جسٹس انوار الحق اور جسٹس افتخار چوہدری عدالتی ڈکٹیٹر بن کر نظریہ ضرورت کے تحت جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش نہیں کرسکتا اور نا ہی کوئی سیف الرحمان بھگوڑے اور دہشتگردوں کے ساتھی وزیر داخلہ جمہوریت پر شب خون مارنے کی کوشش کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب محترمہ بینظیر بھٹو کو شہید کیا گیا اس وقت سابق صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، انہوں نے مزید کہا کہ انشااللہ پاکستان ہمیشہ سلامت رہے گا کیونکہ اس کی بنیادوں میں لاکھوں شہیدوں کا خون شامل ہے اور آصف علی زرداری پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نہیں نکالیں گے بلکہ تاریخ کا چشمہ پہنا دیں گے کیونکہ انہوں نے انتقام کی نہیں صبر کی تاریخ رقم کی ہے اس وجہ سے شہید بی بی نے انہیں ایشیا کے نیلسن مینڈیلا کا خطاب دیا تھا۔

اس موقعے ہر سینئر کارکنان قادر کھوکر، یوسف ناز، منظور معین، چیئرمین غلام محمد سمیت دیگر سینئر کارکنان بھی موجود تھے۔