وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے صوبہ بھر میں مکمل ہو جانے والے پن بجلی کے چھوٹے منصوبوں کو متعلقہ کمیونٹی کے حوالے کرنے کی ہدایت کردی

بدھ 29 مارچ 2017 21:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبہ بھر میں مکمل ہو جانے والے پن بجلی کے چھوٹے منصوبوں کو متعلقہ کمیونٹی کے حوالے کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوںنے ہدایت کی کہ صوبائی وزراء مقامی ایم پی ایز اپنے اپنے حلقوں میں توانائی ، صحت ، تعلیم ، پبلک ہیلتھ ، پن بجلی اور دیگر شعبوں میں مکمل شدہ چھوٹے منصوبوں کا افتتاح کریں اور جو منصوبے پائپ لائن میں ہیں اُن کی مسلسل نگرانی کریں اور افتتاح کرنے والے منصوبوں کے انتظامات کو حتمی شکل دیں ۔

متعلقہ وزراء اپنے محکموں میں ترقیاتی حکمت عملی کی مسلسل نگرانی کریں ۔ وہ پہلے بھی متعدد اضلاع کا دورہ کر چکے ہیں اور اب بڑے منصوبوں کا افتتاح کرنے کیلئے بھی وہ خود جائیں گے کیونکہ صوبہ بھر کے تمام اضلاع کو کور کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے انکشاف کیا کہ بالا کوٹ میں 300 میگاواٹ کے پن بجلی منصوبوںکے معاہدوں پر جلد دستخط کریں گے ۔اس سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے ۔

وہ وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔صوبائی وزیر محمد عاطف خان ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریوں اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔وزیراعلیٰ نے پن بجلی کے منصوبوں کیلئے دستیاب راء سائٹس کو کمپنیوں کو دکھانے اور انہیں ویب سائٹس پر ڈالنے کی ہدایت کی تاکہ ان منصوبوں پر سرمایہ کاری کیلئے سرمایہ کاروں کو آمادہ کیا جا سکے ۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ 840 میگاواٹ کے پن بجلی کے منصوبے مختلف مراحل میں ہے ۔وزیراعلیٰ نے پن بجلی کے شعبے میں سمال اور میڈیم دونوں طرح کے منصوبے پلان کرنے کی ہدایت کی ۔انہوںنے کہاکہ صوبے کے پانی کا قطرہ قطرہ پن بجلی اور زرعی مقاصد کیلئے استعمال میں لانا ہے ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر مساجد کی سولر ائزیشن کے منصوبوں پر پیشرفت طلب کی اور ہدایت کی کہ ان منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کی جائے ۔

وزیراعلیٰ نے چین میں مجوزہ روڈ شو کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ اس مقصد کیلئے ہر سطح پر رابطہ ہونا چاہیئے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبائی حکومتکے دور میں 4000 میگاواٹ کے پن بجلی کے منصوبے عمل درآمد کے مرحلے میں داخل ہو جائیں گے ۔ان منصوبوں کی تکمیل سے صوبے کے پن بجلی کے کلیمز اور وسائل بڑھ جائیں گے ۔صوبائی حکومت نے صوبے کی مجموعی ترقی کا تعین کر دیا ہے ۔

اس صوبے کا مستقبل بڑا تابناک ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کے پاس وسائل بہت تھے مگر پہلے کسی نے ان وسائل سے استفادہ کرنے کا سوچا نہیں تھا ۔ہم نے ان وسائل کو بنیاد بنا کر ایک خود کفیل اور مضبوط خیبرپختونخوا کا راستہ بنا دیا ہے اور ثابت کیا ہے کہ اہلیت ہو تو کمزوریوں پر قابو پاکے انہیں طاقت بنا لیا جا تا ہے ۔ ہم نے صوبے کی قدرتی وسائل میں برتری اور سرمایہ کار ی کی پوٹینشل کو دُنیا کے سامنے رکھ دیا اور دکھا دیا ہے کہ یہ صوبہ قدرتی وسائل سے کتنا مالا مال ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ اب صوبے کی معیشت کی بڑھوتری کے محرکات سامنے آچکے ہیں۔ سرمایہ کار سرمایہ لگا رہے ہیں کیونکہ اُنہیں اس صوبے میں اپنا مفاد نظر آرہا ہے ۔ہم نے ایک ایسا کاروبار دوست ماحول بنا یا ہے جو صوبے کی ترقی کا عکاس ہے ۔ہم نے صوبے کو معاشی ترقی کی راہ پر ڈال دیا ہے اور یہ ثابت کیا ہے کہ اگر عزم اور اخلاص ہو تو رکاوٹیں دور ہو جاتی ہیں اور ترقی کی راہیں خود بخود کھل جاتی ہیں۔

متعلقہ عنوان :