بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف کی پالیسیوں کو وفاق کیلئے خطرہ قرار دے دیا

نواز شریف سب کیلئے یکساں پالیسی اختیار کرنے کے بجائے پنجاب کے مخصوص حلقوں کو خوش رکھنے کی کوشش کرتے رہے ہیں مخصوص علاقوں کیلئے 37 ارب کے 97گیس منصوبوں کو منظور کرنا وفاق پر کلہاڑی چلانے اور صوبوں کو ایک دوسرے کے خلاف بھڑکانے کے مترادف ہے،چیئرمین پیپلزپارٹی

بدھ 29 مارچ 2017 21:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نواز شریف کی پالیسیوں کو وفاق کے لئے خطرہ قرار دے دیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف سب کے لئے یکساں پالیسی اختیار کرنے کے بجائے پنجاب کے مخصوص حلقوں کو خوش رکھنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔ انچارج میڈیا سیل بلاول ہائوس سریندر ولاسائی کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ مخصوص علاقوں کے لئے 37 ارب کے 97گیس منصوبوں کو منظور کرنا وفاق پر کلہاڑی چلانے اور صوبوں کو ایک دوسرے کے خلاف بھڑکانے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی جانب سے ادائیگی کے باوجود تاریخی شہر عمرکوٹ کو تاحال گیس فراہم نہیں کی گئی۔ نواز حکومت سندھ کے دیہی و شہری علاقوں میں گھریلو استعمال کی درخواستوں کو مسترد کرتی رہی ہے۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت کی تمام درخواستیں گیس کے نئے کنکشنز پر پابندی کی بنیاد پر رد کر دی گئیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ پی پی پی وفاق کی زنجیر ہے، نواز اینڈ کمپنی کو چند نشستیں حاصل کرنے کے لئے وفاق کو نقصان پہنچانے نہیں دے گی۔

وہ لوگ صوبوں کے اتحاد کے لئے خطرہ بن گئے ، جنہوں نے ماضی میں سیاسی و ذاتی مفادات کی خاطر لسانی نعرے لگائے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 90 کی دہائی میں کیٹی بندر اور تھر کول جیسے اہم منصوبے ختم اور چھوٹے صوبوں کے ہزاروں ملازمین کو برطرف کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی سندھ کی جانب سے وفاق کے نئے گیس منصوبوں کو غیر آئینی و غیر قانونی قرار دینا درست مؤقف ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی و دیگر جمہوری جماعتیں وفاق کو درپیش ظاہری یا خفیہ خطرات کو برداشت نہیں کریں گی۔