ْسانحہ ماڈل ٹائون سابق ڈی سی او لاہور کی اپیل قانون کے مطابق خارج ہوئی: وکلاء عوامی تحریک

شریف برادران کو طلب نہ کیے جانے کے خلاف دائر رٹ کی سماعت فل بنچ 27 اپریل کو کریگا

بدھ 29 مارچ 2017 20:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2017ء) سانحہ ماڈل ٹائون کے اہم ملزم سابق ڈی سی او لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان کی ہائیکورٹ کے فل بنچ کی طرف سے اپیل خارج کیے جانے کا فیصلہ قانون کے مطابق ہے۔ سابق ڈی سی او لاہور سانحہ ماڈل ٹائون کیس میں ملوث ہیں اور انسداد دہشتگردی کی عدالت نے انہیں عوامی تحریک کے 10 کارکنوں کے قتل میں بطور ملزم طلب کررکھا ہے۔

اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق ان خیالات کا اظہار پاکستان عوامی تحریک کے وکلاء رائے بشیر احمد ایڈووکیٹ ،مدعی جواد حامد، نعیم الدین چودھری ایڈووکیٹ، اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ ، شکیل ممکا ایڈووکیٹ،رفاقت علی کاہلوں اور یاسر ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت کے احاطہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے عوامی تحریک کے قانونی مشیر و ترجمان نعیم الدین چوہدری ایڈووکیٹ نے کیس کے حوالے سے میڈیا کو بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ شریف برادران سمیت سانحہ ماڈل ٹائون کے 12 ملزمان کو اے ٹی سی کی طرف سے طلب نہ کیے جانے کے فیصلہ کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کررکھی ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے فل بنچ نے 27 اپریل کی تاریخ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی پنجاب نے بھی اے ٹی سی کی طرف سے طلبی کے خلاف اپیل دائر کررکھی ہے اس پر بھی سماعت 27 اپریل کو ہو گی۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کی طرف سے رٹ دائر کی گئی تھی کہ سانحہ ماڈل ٹائون میں ملوث پولیس افسران جنہیں اے ٹی سی نے بطور ملزم طلب کررکھا ہے انہیں ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے اور نان فنکشنل کیا جائے تاکہ وہ سرکاری حیثیت میں کیس پر اثر انداز نہ ہو سکیں۔ یہ اپیل سماعت کیلئے منظور کر لی گئی ہے۔ ملزمان پولیس افسران کو نان فنکشنل کیے جانے کی رٹ پٹیشن اشتیاق چودھری ایڈووکیٹ کی طرف سے دائر کی گئی ہے اس کی سماعت 13 اپریل کو ہو گی۔

متعلقہ عنوان :