وزیرمملکت کیڈ اور میئراسلام آباد شہراقتدار میں گذشتہ ایک سال سے جاری پانی بحران کی سنگینی سے لاعلم نکلے،سیاسی جماعتوں کے مسئلہ اٹھانے پر میدان میں آگئے ،پانی کی قلت کومعمولی مسئلہ قراردیدیا،حق کیلئے سڑکوں پر آنے والے شہریوں پر تنقید

بدھ 29 مارچ 2017 20:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2017ء) وزیرمملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور میئراسلام آباد شیخ انصر عزیز شہراقتدار میں گذشتہ ایک سال سے جاری پانی بحران کی سنگینی سے لاعلم نکلے،وفاقی دارالحکومت میں پانی کو گوہر نایاب ہوئے سینکڑوں دن گزرگئے تاہم کسی محکمے اور انتظامی ادارے کے افسر کے کان پر جوں تک نہ رینگی،تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے پانی کا مسئلہ اٹھایا تو حکومتی جماعت کو بھی ہوش آنے لگا،وزیرکیڈ اور میئر اسلام آباد نے پانی کی نگین بحران کو معمولی قلت قرار دیتے ہوئے الٹا حق کیلئے سڑکوں پر آنے والے شہریوں کو ہی تنقید کا نشانہ بناڈالا۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو تحریک انصاف کی طرف سے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے اجلاس میں پانی کے مسئلے پر احتجاج کے بعدازاں ریلی نکالے جانے پر حکومت کو بھی اسلام آباد میں پانی کے طویل بحران کی یاد آگئی۔

(جاری ہے)

وزیرمملکت طارق فضل چوہدری اور میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے صرف آدھے گھنٹے کے شارٹ نوٹس پر ہنگامی پریس کانفرنس کرڈالی حالانکہ کے گذشتہ ایک سال میں تقریباً ہر روز ہی پانی کے سنگین ہوتے ہوئے بحران کی خبریں شائع ہوتی رہیں،شہر کے گلی کوچوں اور چوک چوراہوں پر بینرز بھی نصب ہوئے،جماعت اسلامی کی مقامی قیادت کی طرف سے بھی مسئلہ اٹھایا جاتا رہا،میئر سے ملاقاتیں کی جاتی رہیں تاہم وزیرمملکت اور میئر اسلام آباد نے دلاسے دے کر ٹال دیا جبکہ اسی عرصے کے دوران پانی کے مسئلے پر ایک بھی پریس کانفرنس نہیںکی گئی گذشتہ روز اپوزیشن کی دوسری بڑی جماعت نے پانی کے مسئلے پر احتجاج شروع کیا تو میئر اسلام آباد نے مہینوں سے خراب پڑے ٹیوب ویلوں کی بحالی کیلئے چند گھنٹوں میں چارکروڑ روپے مختص کردیئے،اپنی پریس کانفرنس میں وزیرمملکت اور میئر اسلام آباد نے پانی کے سنگین بحران کو معمولی قلت قرار دیتے ہوئے اپنے حق کیلئے آنے والے شہریوں کو تحریک انصاف کی سیاسی چال قرار دے دیا۔

وزیرمملکت نے پی ٹی آئی کے اسدعمر پرتو طنز کے خوب نشتر چلائے تاہم پانی کے بحران کے خاتمے کی کوئی ڈیڈ لائن نہ دی،پریس کانفرنس میں صحافیوں کے چھبتے سوالات کا جواب دینے سے بھی گریز کیاگیا،یہ عملدرآمد کرتے ہوئے نوید سنائی کہ ہماری حکومت کے خاتمے تک تمام مسائل حل ہوجائیں گے۔…(خ م+ار)

متعلقہ عنوان :