Live Updates

پانی کے بحران کے معاملے پر تحریک انصاف اور انتظامیہ میں مذاکرات ناکام

میئر اسلام آباد کہاں ہیں‘ ان کے شہری اپنے حق کے لئے باہر نکل رہے ہیں‘ وزیراعظم ہائوس ایوان صدر اور پارلیمنٹ لاجز میں تو پانی دیا جارہا ہے، عوام کے گھروں میں نہیں‘ میئر شیخ انصر عزیز احتجاج میں شامل ہوجائیں‘ ہیرو بننے کا شوق ہے تو انہیں آگے لگالیں گے،پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی اسد عمرکا پریس کانفرنس سے خطاب

بدھ 29 مارچ 2017 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2017ء) اسلام آباد میں پانی کے بحران کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف اور انتظامیہ میں مذاکرات ناکام‘ پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ میئر اسلام آباد کہاں ہیں‘ ان کے شہری اپنے حق کے لئے باہر نکل رہے ہیں‘ وزیراعظم ہائوس ایوان صدر اور پارلیمنٹ لاجز میں تو پانی دیا جارہا ہے جبکہ عوام کے گھروں میں نہیں‘ میئر شیخ انصر عزیز احتجاج میں شامل ہوجائیں‘ ہیرو بننے کا شوق ہے تو انہیں آگے لگالیں گے۔

وہ بدھ کو یہاں پانی کے معاملے پر نکالی جانے والی ریلی سے قبل پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اسد عمر نے کہا کہ وزیراعظم جانے والے ہیں تو اب وزیرداخلہ چوہدری نثار وزیراعظم بننے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ پانی شہریوں کا بنیادی حق ہے لیکن شہر اقتدار کے رہائشی ایک سال سے پانی کے لئے ترس رہے ہیں لیکن کسی کے کان پر جوں نہیں رینگی۔

(جاری ہے)

آج شہری اپنے حق کے لئے سڑکوں پر نکلے ہیں تو ہمیں روکنے کے لئے پولیس ایسے تعینات کردی گئی ہے جیسے ہم دہشت گرد ہوں۔

انتظامیہ ریاست کی نہیں حکومت کی ملازم بن چکی ہے پرامن ریلی نکالنا ہمارا آئینی حق ہے ہماری ریلی روکنے کے لئے ریاستی دہشت گردی کی تیاریاں کی جارہی ہیں۔ اسد عمر نے کہا کہ چوہدری نثار سن لیں ہم ڈرنے والے نہیں ابھی تک چوہدری نثار اور انتظامیہ کے کسی شخص نے ہمارے ساتھ رابطہ نہیں کیا ہم آدھا گھنٹہ انتظار کریں گے پھر ریلی شروع کردیں گے۔

انہوں نے کہا کہ میئر اسلام آباد کہاں ہیں ان کے شہری اپنے حق کے لئے نکل رہے ہیں میئر نے الیکشن نہیں لڑا وزیراعظم سے دوستی کی وجہ سے میئر کا عہدہ ملا۔ اگر انصر عزیز کے دل میں شہریوں کا تھوڑا سا بھی درد ہے تو آئیں ہمارے ساتھ مل کر احتجاج میں حصہ لیں۔ اگر انہیں ہیرو بننے کا شوق ہے تو انہیں آگے کھرا کردیں گے لیکن ہم واضح کرتے ہیں کہ احتجاج کا اپنا آئینی حق کسی کو چھیننے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان صدر‘ وزیراعظم ہائوس اور پارلیمنٹ لاجز کو تو پانی سپلائی کیا جارہا ہے تاہم اسلام آباد کے شہریوں کے لئے پانی نہیں۔ (ن غ/ ا ر)
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات