Live Updates

اسلام آباد ،میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا 11 واں اجلاس پانی کے بحران کے باعث ہنگامہ آرائی کی نذر

اپوزیشن ارکان کی طرف سے شہر اقتدار میں پانی کے بحران پر شدید احتجاج اور نعرے بازی ،میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کو بے اختیار قرار دے دیا گیا ،تلخ کلامی کے بعد تحریک انصاف کے بلدیاتی نمائندوں نے اجلاس کا بائیکاٹ ،میٹرو بعد میں پہلے پانی دو‘‘ کے نعرے لگائے

بدھ 29 مارچ 2017 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2017ء) میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کا گیارہواں اجلاس وفاقی دارالحکومت میں پانی کے بحران کے باعث ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا‘ اپوزیشن ارکان کی طرف سے شہر اقتدار میں پانی کے بحران پر شدید احتجاج اور نعرے بازی کی گئی‘ میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کو بے اختیار قرار دے دیا گیا‘ مسلم لیگ (ن) کے بعض بلدیاتی انمائندون نے بھی اپوزیشن کا ساتھ دیتے ہوئے میئر اسلام آباد کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا‘ تلخ کلامی کے بعد تحریک انصاف کے بلدیاتی نمائندوں نے اجلاس کا بائیکاٹ کردیا اور ’’میٹرو بعد میں پہلے پانی دو‘‘ کے نعرے لگائے۔

تفصیلات کے مطابق میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کا گیارھواں اجلاس میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی زیر صدارت پاک چائنہ فرینڈ شپ سنٹر میں ہوا تاہم جیسے ہی اجلاس شروع ہوا اپوزیشن لیڈر علی اعوان نے کھڑے ہو کر احتجاج شروع کردیا اور میئر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میئر صاحب آپ بالکل بے اختیار نہیں ترقیاتی بجٹ کو کیا ابھی تک غیر ترقیاتی بجٹ بھی نہیں آیا اسلام آباد کے شہری پینے کے پانی کو ترس رہے ہیں پاکستان میں شہریوں کو گندہ پانی مل رہا ہے۔

(جاری ہے)

ابھی تک جو بھی کمیٹی بنائی گئی اس میں کچھ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے شہری بڑی گاڑیوں میں پھرتے ہیں لیکن پینے کا صاف پانی دستیاب نہیں آپ کی اپنی لیبارٹری رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کا پانی مضر صحت ہے۔ اپوزیشن لیڈر کی جوشیلی تقریر کے بعد دیگر پی ٹی آئی نمائندوں نے بھی نشستوں سے کھڑے ہو کر احتجاج شروع کردیا۔ اپوزیشن نمائندوں نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر پانی زندگی ہے پانی دو کے نعرے درج تھے۔

اس موقع پر (ن) لیگ کے کئی اراکین نے بھی پی ٹی آئی کے نمائندوں کی حمایت کی اور کہا کہ شیخ انصر عزیز ہمارے مسائل حل نہیں کررہے ان کے پاس صرف دو سال ہیں میئر اسلام آباد دو عہدے انجوائے کررہے ہیں ان کی ساری توجہ سی ڈی اے اور اپنے معاملات پر ہے جس کی وجہ سے بلدیاتی نظام مفلوج ہوچکا ہے۔ پی ٹی آئی کے ارکان نے کہا کہ اسلام آباد میں شہریوں کو گندہ پانی مل رہا ہے لوگ میتوں کو منرل واٹر سے غسل دے رہے ہیں۔ اسلام آباد کے 192 ٹیوب ویلوں میں سے 70خراب پڑے ہیں میٹرو بعد میں پہلے پانی دو اپوزیشن ارکان نے پانی بحران پر اجلاس کا بائیکاٹ کردیا۔ (ن غ / ا ر)
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات