Live Updates

وزیر کیڈ اور میئر اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں پانی کے بحران کے جلد خاتمے کی یقین دہانی کروادی

سملی اور خانپور ڈیم میں پانی کی کمی کے باعث بحران پیدا ہوا، مسئلے پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں، روزانہ 53ملین گیلن پانی سپلائی کیا جارہا ہے،خراب ٹیوب ویلوں کی بحالی کیلئی4 کروڑ روپے جاری کردیئے گئے ہیں،اسلام آباد کے شہری تحریک انصاف کی منفی سیاست سے پوری طرح آگاہ ہیں،پانی کے مسئلے کی آڑ میں سیاست چمکانے کی کوشش کی جارہی ہے،پی ٹی آئی نے شرپسندی کیلئے ریلی نکالی تو نتائج کی ذمہ دار خود ہوگی، طارق فضل چوہدری اورشیخ انصر عزیز کی ہنگامی پریس کانفرنس

بدھ 29 مارچ 2017 20:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2017ء) وزیرمملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ،چیئرمین سی ڈی اے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے وفاقی دارالحکومت میں پانی کے بحران کے جلد خاتمے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا ہے کہ سملی اور خانپور ڈیم میں پانی کی کمی کے باعث بحران پیدا ہوا،پانی کے مسئلے پر بھرپور توجہ دے رہے ہیں،اسلام آباد میں روزانہ کی بنیاد پر 53ملین گیلن پانی سپلائی کیا جارہا ہے،خراب ٹیوب ویلوں کی بحالی کیلئے چار کروڑ روپے جاری کردیئے گئے ہیں،اسلام آباد کے شہریوں کے حقوق کے علمبردار بننے والے تین سال کہاں تھے،اسلام آباد کے شہری تحریک انصاف کی منفی سیاست سے پوری طرح آگاہ ہیں،پانی کے مسئلے کی آڑ میں سیاست چمکانے کی کوشش کی جارہی ہے،پی ٹی آئی نے شرپسندی کیلئے ریلی نکالی تو نتائج کی ذمہ دار خود ہوگی۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کو یہاں سی ڈی اے ہیڈکوارٹر میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر وزیرمملکت ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کے کچھ نادان لوگ پانی کی قلت کے معاملے پر سیاسی ڈرامہ رچانے کی کوشش کر رہے ہیں،یہ دوست ساڑھے تین سال سے کہاں تھے،پہلے آج تک یہ کبھی کسی مارکیٹ یا عوامی مقام پر شہریوں کے مسائل سنتے نظر نہیں آئے،صرف اپنے گھر،ائرپورٹ اور کراچی نظر آتے ہیں،آج اگر وہ اسلام آباد کے شہریوں کی ہمدردیاں سمیٹنا چاہتے ہیں تو یہ ان کی غلط فہمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پانی کے مسئلے سے پوری طرح آگاہ ہیں،پانی کی شارٹیج ضرور ہے لیکن اتنی نہیں جتنی بڑھا چڑھا کر پیش کی جارہی ہے،منفی سیاست کرنے والے سیاسی میدان میں نہیں رہ سکتے،اسلام آباد کے شہری تحریک انصاف کی کارکردگی سے پوری طرح آگاہ ہیں،اس سے قبل بھی تحریک انصاف نے دھرنوں کے ذریعے اسلام آباد کے شہریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا پی ٹی آئی کے دھرنے سے بچوں کی تعلیم اور تاجروں کا کاروبار متاثر ہوا،پی ٹی آئی اگر عوامی مفاد میں کوئی کام کرے گی تو شاید لوگ ان کی بات پر کان دھریں اگر اسد عمر اپنی قیادت کی طرح منفی سیاست کے ذریعے میڈیا میں زندہ رہنے کی کوشش کریں گے تو یہ ممکن نہیں۔

وزیرمملکت نے کہا کہ پانی کی قلت کا مسئلہ پرانا ہے،اسلام آباد کی پانی کی ضرورت 70ملین گیلن روزانہ ہے،53ملین گیلن پانی روزانہ سپلائی کیا جارہا ہے اس دفعہ بارشیں کم ہونے سے ڈیم میں پانی کی مقدار کم ہونے سے پانی کا مسئلہ پیدا ہوا۔سملی ڈیم سے پہلی54ملین گیلن پانی سپلائی کیا جاتا تھا،اب صرف 25ملین گیلن سپلائی ہورہا ہے،خانپور ڈیم سے بھی پانی کی سپلائی کم ہو کر صرف 6ملین گیلن رہ گئی ہے،اب اگر قدرتی ذرائع سے پانی کم ہوگیا ہے تو اس میں حکومت کا کیا قصور ہے۔

وزیرمملکت نے کہا کہ اسلام آباد میں 192ٹیوب ویلوں میں سے 130 مکمل آپریشنل جبکہ 62خراب ہیں جن کی بحالی کیلئے میئر اسلام آباد نے چار کروڑ روپے مختص کیے ہیں،پانی کی پائپ لائنوں کی تعمیر و مرمت کیلئے ایک ارب روپے مختص کیا گیا ہے۔انہوں نے کہاکہ غازی بروتھا ڈیم سے شہر اقتدار کو پانی سپلائی کرنے کے منصوبے پر کام آخری مراحل میں ہے یہ منصوبہ دس سالہ پرانا ہے تاہم اس پر ماضی میں کام نہیں کیا گیا،ہماری دورہ حکومت میں یہ مکمل ہورہا ہے،غازی بروتھا ڈیم سے اسلام آباد کو پانی سپلائی کرنے کا منصوبہ ایک ملین ڈالر کا منصوبہ ہے،منصوبہ مکمل ہونے کے بعد آئندہ چند سالوں میں پانی کی قلت کا خاتمہ ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جہاں پانی کی شارٹیج ہے وہاں ٹینکرز کی مدد سے شہریوں کو پانی مہیا کیا جارہا ہے،اس مقصد کیلئے سی ڈی اے کے 30 ٹینکرز کام کر رہے ہیں،اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں سوئی گیس کی اسکمیوں کیلئے ایک ارب روپے مختص کیا گیا ہے جبکہ سیوریج کی نالیوں اور سینیٹیشن کیلئے 80کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں،وزیراعظم نوازشریف کے تعلیمی پروگرام کے تحت اسلام آباد کے سکولوں کیلئے 7.5ارب روپے مختص کیے گئے ہیں،تعلیمی اصلاحات پروگرام کے تحت سکولوںکی اپ گریڈیشن اور ٹیچرز بھرتی کیے جارہے ہیں،دارالحکومت میں تین نئے ہسپتال بننے جارہے ہیں جو 500،500بیڈز پر مشتمل ہوں گے،پولی کلینک ہسپتال کے توسیعی منصوبے پر بھی کام کر رہے ہیں،اسلام آباد کو صحیح معنوں میں دنیا کا ماڈل سٹی بنانا وزیراعظم کا وژن ہے جس پر کام کر رہے ہیں،اس دورے حکومت کے آخر تک تمام مسائل حل ہوجائیں گے،سڑک پر شوبازی کرنے والے اپنے مقاصد سے باز رہیںمیئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ سملی ڈیم اور خانپور ڈیم میں پانی کی سطح میں کمی ہونے سے پانی کا مسئلہ پیدا ہوا،ٹینکرز کے ذریعے شہریوں کو پانی کی فراہمی یقینی بنارہے ہیں،ترقیاتی فنڈز عوام کے مسائل کے حل کیلئے استعمال ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کی طرف سے بارشیں کم ہوئیں جس کی وجہ سے پانی میں کمی آئی،خراب ٹیوب ویلوںکی بحالی کیلئے چار کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں،پانی چوری کے کئی کنکشن کاٹے گئے ہیں مزید بھی چھاپے مارے جائیں گے۔…(خ م+ار)
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات