فنکاروں کی فلاح وبہبود کیلئے وزیراعظم کی تشکیل کردہ خصوصی کمیٹی کا تیسرا اجلاس( کل ) ہوگا،ٹھوس تجاویز پر مشتمل رپورٹ اپریل کے پہلے ہفتے میں وزیراعظم کو پیش کردی جائے گی،فنکاروں کی فلاح وبہبود سے متعلق تمام ممکنہ پہلوں کو مدنظر رکھ کروسیع تر مشاورت سے سفارشات تیار کی جارہی ہیں،مشیروزیراعظم عرفان صدیقی کی گفتگو

بدھ 29 مارچ 2017 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2017ء) وزیراعظم کی فنکاروں کی فلاح وبہبود کے لئے تشکیل کردہ بارہ رکنی خصوصی کمیٹی کا تیسرا اجلاس(کل)جمعہ کو اسلام آباد میں ہوگا جس میں فنون لطیفہ سے وابستہ افرادکی بہتری کے لئے مرتب کردہ تجاویز کا جائزہ لیاجائے گا۔ مشیر وزیراعظم اور کمیٹی کے سربراہ عرفان صدیقی کی سربراہی میں یہ اجلاس قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن میں ہوگا۔

گزشتہ دو اجلاسوں میں کمیٹی نے وفاق اور صوبائی سطح پر فنکاروں کی فلاح وبہبود اور امداد کے حوالہ سے موجودہ سکیموں کا جائزہ لیا اورثقافت سے متعلقہ صوبائی سیکریڑوں کے ساتھ بھی اجلاس کیا جس میں صوبوں کی جانب سے اس موضوع پر اب تک کی صورتحال سے کمیٹی کو آگاہ کیاگیا۔گزشتہ اجلاس میں آزادکشمیر،گلگت بلتستان اور فاٹا کو بھی مشاورتی عمل میں شامل کرنے کا فیصلہ کیاگیاتھا تاکہ ملک بھر کے فنکارمرتب کردہ سفارشات سے استفادہ کرسکیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ فنکاروں کی فلاح وبہبود کے لئے ٹھوس تجاویز پر مشتمل رپورٹ اپریل کے پہلے ہفتے میں وزیراعظم کو پیش کردی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ مشاورتی عمل کے ذریعے پورے اخلاص ، بھرپور محنت اور توجہ سے یہ تجاویز مرتب کرر ہے ہیں ۔ فنکاروں کی فلاح وبہبود سے متعلق تمام ممکنہ پہلوں کو مدنظر رکھ کریہ سفارشات تیار کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ تمام متعلقہ فریقین سے وسیع تر مشاورت کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ ایک ایسا جامع نظام تشکیل پائے جو فنکاروں کی فلاح وبہبود اور امداد کے لئے متحرک خطوط پر استوار ہو۔ ہمیں پورایقین ہے کہ ہم یہ مقصد حاصل کرلیں گے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم کی جانب سے فنکاروں کی فلاح کے لئے تشکیل کردہ کمیٹی کے دیگر ارکان میں چئیرمین پی ٹی وی عطاالحق قاسمی،معروف فلمساز وڈائریکٹر سید نور، اعجاز گل، نامور فنکارہ لیلی زبیری،ممتاز اداکارسہیل احمد عزیزی، پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس (پی این سی ای) کے ڈائریکٹر جنرل جمال شاہ،موسیقار ماسٹر پرویز حیدر اور وائلنسٹ استاد رئیس شامل ہیں جبکہ سیکریٹری قومی تاریخ وادبی ورثہ انجینئر عامر حسن اس خصوصی کمیٹی کے سیکریٹری کے طورپر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :