اے این پی نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے ایک ہزار کارکنوں کی قربانیاں دیں جس کے صلے میں ہمیں 2013ء کے الیکشن میں اسمبلیوں سے باہر نکال دیا گیا اور طالبان کے دوستوں کو حکومت دی گئی جو ان کے کیلئے دفتر کھولنے کے متلاشی رہے

عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور کا جلسے عام سے خطاب

بدھ 29 مارچ 2017 20:23

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ اے این پی نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے ایک ہزار کے لگ بھگ ممبران اسمبلی عہدیداروں اور کارکنوں کی قربانیاں دیں جس کے صلے میں ہمیں 2013ء کے الیکشن میں اسمبلیوں سے باہر نکال دیا گیا اور طالبان کے دوستوں کو حکومت دی گئی جو ان کے کیلئے دفتر کھولنے کے متلاشی رہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی کے ون پشاور میں حاجی ہدایت اللہ خان کے حجرے میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، اُنہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے ہمیشہ پاکستانیوں، مسلمانوں اور خصوصاً پختونوں کو نقصان اٹھانا پڑا اور ملک میں جہاں کہیں بھی دہشت گردی ہوئی صرف پختونوں کو ہی نشانہ بنا یا گیا،انہوں نے کہا کہ یہاں لوگوں کے قتل عام کا ایک مائنڈ سیٹ بن چکا ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اس مائنڈ سیٹ کا خاتمہ ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ باچا خان بابا عدم تشدد کے علمبردار تھے اور انہوں نے ہمیشہ کہا کہ دوسروں کے گھر پتھر پھینکنے کے بعد وہاں سے پھولوں کی توقع نہیں کرنی چاہئے ،انہوں نے کہا کہ مرکزی و صوبائی حکومتوں کو چاہئے کہ دہشت گری کے خاتمے کیلئے تمام تر سنجیدہ اور مناسب اقدامات اٹھائیں۔حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ اے این پی خدائی خدمتگار تحریک کا تسلسل ہے ۔

باچا خان اور ولی خان کی قیادت میں اے این پی نے ہر دور کے آمر اور جابر حکمرانوں کے خلاف کلمہ حق کہا۔ اور جب ملک پر مشکل وقت آیا اور ملک سلامتی کو خطرات پیش آئے تو اے این پی نے موجودہ دور میں اپنے ورکروں ، لیڈروں کی جانوں کا نذرا نہ پیش کر کے اس سرزمین کی حفاظت کی۔ اور آئندہ بھی باچا خان کے پیروکار اس ملک کی بقاء اور سلامتی کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔

انہوں نے کہا کہ تقریباً چار سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود ملک میں عموماً اور پختونخوا میں خصوصاًامن کے قیام میں وفاقی اور تحریک انصاف کی صوبائی حکومت بُری طرح ناکام رہی ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا تبدیلی کا نعرہ ایک ڈرامہ ثابت ہوا ہے ۔ تبدیلی کے نام پر عوام سے ووٹ لینے والی جماعت نے عوام کے ساتھ جو وعدے کئے تھے وہ ابھی تک ایفا نہیں کر سکی اور نہ ہی خاطر خواہ تبدیلی لاسکی۔

اُنہوں نے کہاکہ اے این پی کی مثبت اور انسان دوست پالیسیوں کی بنیاد پر آج دیگر سیاسی پارٹیوں کے عہدیدار اور کارکن اے این پی میں گروہ در گروہ شامل ہو رہے ہیں۔ اے این پی واحد سیاسی جماعت ہے جو عوام کو موجودہ حالات اور بحرانوں سے نجات دلانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اے این پی بلا تفریق ، رنگ و نسل ، زبان اور قومیت سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ روز بروز عوام میں اے این پی کا گراف بلند ہو رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :