بہاولپور:گندم خریداری مہم کو ہر لحاظ سے شفاف بنانے کی ہدایت

گندم کی خریداری مہم کے دوران پرچیز سنٹرز کی انتظامیہ کی خفیہ مانیٹرنگ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کافیصلہ

بدھ 29 مارچ 2017 20:22

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2017ء)محکمہ خوراک نے اگلے ماہ اپریل کے اواخر میں متوقع طور پربہاولپور ڈویژن سمیت صوبہ بھر میں شروع ہونے والی گندم کی خریداری مہم کے دوران پرچیز سنٹرز کی انتظامیہ کی خفیہ مانیٹرنگ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کافیصلہ کیاہے جبکہ خریداری مہم کو ہر لحاظ سے شفاف بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔

ذرائع نے بتایاکہ سیکرٹری فوڈ پنجاب نے تمام ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرز اورڈویژنل ڈپٹی ڈائریکٹرز محکمہ خوراک کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ باردانہ کی فراہمی میں کوئی بے قاعدگی نہ ہونے دیں ۔ انہوںنے کہاکہ کاشتکاروں کو پولی پراپلین اور جیوٹ بیگز کی تقسیم میں شفافیت برقرار رکھنے کیلئے حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے جس میں ویٹ پروکیورمنٹ سنٹرز پر تعینات عملہ خریداری اور دیگر حکام کی خفیہ مانیٹرنگ بھی شامل ہے تاکہ اس بار گندم کی خریداری مہم میں گزشتہ شکایات کے برعکس کرپشن کے عنصر کو ختم اور کم سے کم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ یہ خفیہ مانیٹرنگ ٹیمیں براہ راست سیکرٹری خوراک پنجاب اور ڈائریکٹر فوڈ پنجاب کو پوری خریداری مہم کی لمحہ بہ لمحہ خفیہ اطلاعات و معلومات فراہم کریں گی جو کسی بھی جگہ کرپشن کی شکایت پر براہ راست فوری کاروائی یقینی بنائیں گے۔