ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے مابین بنیادی فرق تعلیم کا ہے، پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان

ٹیکنالوجی کے میدان میں من حیث القوم ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں،معذور افراد صلا حیتوں میں کسی سے کم نہیں ،وائس چانسلر جامعہ کراچی کا تقریب سے خطا ب

بدھ 29 مارچ 2017 20:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2017ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں من حیث القوم ہم بہت پیچھے رہ گئے ہیں،ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے مابین بنیادی فرق تعلیم کا ہے،جن ممالک نے تعلیم کو نصب العین بنایا ہے وہ دوسروں سے آگے نکل گئے ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے کیونکہ تعلیم ہی ترقی و کامیابی کی کنجی ہے۔

معذور افراد صلا حیتوں میں کسی سے کم نہیں تھوڑی سی توجہ دے کر ہم انہیں معاشرے کا بہترین اور کار آمد فرد بنا سکتے ہیں۔والدین خصوصی بچوں کے اندر پائے جانے والے احساس محرومی کو ختم کرنے کیلئے خصوصی بچوں کو عام بچوں کی طرح تعلیم و تربیت دیں اور ان کی ضروریات کو سمجھیں۔

(جاری ہے)

اگر والدین خصوصی توجہ دے کراپنا کردار ادا کریں توان بچوںکو معاشرے کا ایک اہم رکن بنایاجاسکتاہے۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ معذور افراد کو معاشرے کا باعزت شہری تسلیم کیا جائے اور ان پر ترس کھانے کے بجائے انہیں معاشرتی ترقی میں شریک رکھا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ کراچی کے شعبہ خصوصی تعلیم کے زیر اہتمام ڈائون سنڈروم کے عالمی دن کے موقع پر کلیہ سماجی علوم کی سماعت گاہ میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر رئیس کلیہ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر ناصر سلمان ،چیئر پرسن شعبہ خصوصی تعلیم ڈاکٹر حمیرہ عزیز،ڈاکٹر سائرہ سلیم ،ڈاکٹر افشاں راحت ،ڈاکٹر سہیل اور صباء بھی موجود تھیں۔

ڈاکٹر اجمل نے مزید کہا کہ ہمیں معاشرے میں ایک ایسا مثالی ماحول قائم کرنے کی ضرورت ہے جس میں معذور افراد کو تعصب کی نگاہ سے نہ دیکھا جائے ۔تقریب میںا سپیشل بچوں نے اپنی اپنی قابلیت اور صلاحیت کے مطابق بھر پور طریقے سے حصہ لیا۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے جامعہ کراچی کے شعبہ اسپیشل ایجوکیشن کے اساتذہ کی انتھک محنت کو سراہا اور بچوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔

اس موقع پرجامعہ کراچی کے رئیس کلیہ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر ناصر سلمان نے کہا کہ کہ معذوری کا مطلب کسی صلاحیت کی محرومی نہیں بلکہ صلاحیت کے ہوتے ہوئے اس کا عدم استعمال اصل معذوری ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ معذور افراد کو معاشرے کا کا رآمد شہری بنانے کے لئے وسیع ترکوششیں کی جائیں۔یہ ہماری قومی ذمہ داری ہے کہ ہم معذور افراد کو ناصر ف معاشرے میں برابری کا درجہ دیں بلکہ ان کے لئے برابری کی بنیاد پر مواقع فراہم کریں مذکورہ سیمینار کا اہتمام لائق تحسین ہے جس کے لئے میں شعبہ اسپیشل ایجوکیشن کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔

چیئر پرسن شعبہ خصوصی تعلیم جامعہ کراچی ڈاکٹر حمیرہ عزیز نے ڈائون سنڈروم بچوں کی ضروریات کے بارے میں آگاہی پر زوردیا کہ ان کی صلاحیتوں کے حساب سے کام کیا جائے ۔#

متعلقہ عنوان :