سندھ قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے،محمد زبیر

ونڈ انرجی کے بے پناہ ذرائع سے استفادہ حاصل کرکے ہم اپنی ضروریا ت کے ساتھ ساتھ زائد توانائی بھی حاصل کر سکتے ہیں،گورنر سندھ کی وفد سے گفتگو

بدھ 29 مارچ 2017 20:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ سندھ قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے جہاں پر بیش بہا قدرتی وسائل وافر مقدار میں موجودہیں ان میں توانائی کے متبادل ذرائع بھی دستیاب ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ کی توانائی ضروریا ت پوری کرنے کے لئے ونڈ انرجی کے بے پناہ ذرائع سے استفادہ حاصل کرکے ہم اپنی ضروریا ت کے ساتھ ساتھ زائد توانائی بھی حاصل کر سکتے ہیںاس ضمن میں نجی شعبہ اور سرمایہ کار اس جانب بھرپور توجہ دیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں ونڈ پاور پرائیویٹ لمیٹیڈ کے 10 رکنی وفد سے ملاقات میں کیا ۔ وفد کی سربراہی ونڈ پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیئر مین یعقوب احمد کررہے تھے۔ ملاقات میں وفد نے گورنر سندھ کو جاری منصوبوں ، ونڈ انرجی شعبہ میں سرمایہ کاری ، درپیش مسائل اور حائل رکاوٹوں کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ نجی شعبہ کو فعال کرنے کے لئے ہر ممکن تعاون و مدد فراہم کررہی ہے تونائی کے حصول میں ونڈ پاور منصوبہ انتہائی مفید ثابت ہو رہا ہے یہ شعبہ اپنی افادیت اور فوری منافع کے حصول کے باعث پرکشش حیثیت رکھتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ونڈ پاور منصوبوں سے وابستہ کمپنیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر ہر صورت حل کرینگے اس ضمن میں وفاقی حکومت ، وزارت پانی و بجلی اور نیپرا سے بھی تعاون حاصل کیا جا ئے گا تاکہ نجی اس سیکٹر میں فعال کردار ادا کرسکیں ۔ ملاقات میں وفد نے گورنر سندھ کو بتایا کہ 2010 ء سے لیکر2013 ء کے دوران 10 کمپنیاں ونڈ پاور انرجی کے شعبہ سے وابستہ ہوچکی ہیں ابتداء میں 4 کمپنیاں اس شعبہ میں کام کررہی تھیں لیکن صرف 2013 ء میں مزید 6 کمپنیاں بھی اس شعبہ سے وابستہ ہو چکی ہیں اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس شعبہ میں سرمایہ کاری تیزی سے جاری ہے ان کمپنیوں کے متعدد منصوبے زیر تکمیل بھی ہیں جبکہ دیگر سرمایہ کاری سے بھی متعدد منصوبے تیزی سے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں تمام منصوبوں کی تکمیل سے صوبہ کو کثیر توانائی حاصل ہو گی ۔

#

متعلقہ عنوان :