پہلاشہید بینظیر بھٹو وومین گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کھیلوں کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا، سید خورشید احمد شاہ

بدھ 29 مارچ 2017 20:21

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2017ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کا واضح نظریہ ہے کہ ملک کے نوجوان بچوں اور بچیوں کو تعلیم کے ساتھ صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کیے جائیں پہلاشہید بینظیر بھٹو وومین گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کا انعقادکھیلوں کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

شہید بینظیر بھٹو وومین گولڈ کپ ہاکی اورشہید ذوالفقار علی بھٹوبوائزگولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ ہر سال منعقد کرائے جائیں گے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے سکھر میں پہلے آل پاکستان شہید بینظیر بھٹووومین ہاکی گولڈ کپ کے افتتاحی میچز کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ قائد حزب اختلاف خورشید احمد شاہ نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ سیاست کے ساتھ نوجوانوں اور بچیوں کے امور پر خاص توجہ دی ہے کھیلوں اور گرائونڈ آباد کرنے سے سماج میں بہتر تبدیلی لائی جاسکتی ہے انہوں نے کہا کہ ایک ہی آنگن میں تمام کھیلوں کی سہولیات ان کی اولین ترجیح ہے بچیوں کا محفوظ ماحول میں کھیل میں والہانہ حصہ لینا ہی اصل کامیابی ہے ۔

(جاری ہے)

تقریب سے وومین ہاکی ایسوسی ایشن پاکستان کی صدر خوش بخت شجاعت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکھر میں وومین ہاکی گولڈ کپ کا انعقادپر سندھ حکومت اور سید خورشید احمد شاہ اور دیگر انتظامی افسران مبارکباد کے مستحق ہیں جنہوں نے میونسپل ہاکی اسٹیڈیم میں انتظامات کرکے ماحول فراہم کیا انہوں نے کہا کہ نوجوان، بچوں اور بچیوں سمیت سرکاری اداروں کے کھلاڑی ملک کے نمائند ہوتے ہیں اور ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کرنے کے لیے کھیلوں کا فروغ ناگزیر ہوگیا ہے پہلے شہید بینظیر بھٹووومین ہاکی گولڈ کپ کا انعقاد ہم سب کے لیے خوش آئند امر ہے انہوں نے کمشنر سکھرمحمد عباس بلوچ،ڈپٹی کمشنر رحیم بخش میتلواور دیگر افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ہاکی کے فروغ پر مثبت حکمت عملی کے تحت کام کرنے ضرورت پر زور دیااس سے قبل پہلے آل پاکستان شہید بینظیر بھٹووومین گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے موقع پر اسٹیڈیم میں رنگا رنگ پروگرام اور شاندار آتش بازی کا مظاہرہ پیش کیا گیا ٹورنامنٹ میں پاک آرمی، ریلوے، واپڈااور دیگر اداروں کی 13 ٹیموں نے حصہ لیا۔

میچز کے دوران سندھ اور ریلوے کی ٹیموں نے بھرپور کھیل پیش کرکے بلوچستان اور پنجاب پر واضح برتری حاصل کی ۔اس موقع پر میئر سکھر بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ، ڈپٹی میئر طارق چوہان اور دیگر افسران سمیت شائقین بڑی تعداد میں موجود تھے ۔