23 ویں مڈ کیرئیر منیجمنٹ کورس کے شرکاء اپنے پاکستان اسٹڈی ٹور پر سکھر آمد

سکھر ایوانِ صنعت و تجارت نے کورس کے شرکاء کو ایوان میں خوش آمدید کیا

بدھ 29 مارچ 2017 20:21

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مارچ2017ء) 23 ویں مڈ کیرئیر منیجمنٹ کورس کے 18 ویں گریڈ کے شرکاء اپنے پاکستان اسٹڈی ٹور پر سکھر تشریف لائے۔ سکھر ایوانِ صنعت و تجارت نے کورس کے شرکاء کو ایوان میں خوش آمدید کیا ۔ اس موقع پر ایوان کے نائب صدر محمد خالد کاکیزئی نے سکھر ریجن کی جغرافیائی موزونیت اور کاروباری مرکز ی حیثیت جبکہ سندھ ، پنجاب ، بلوچستان کے سنگم پر واقع ہونے اور تینوں صوبوں کے تاجروں کے مفادات سکھر سے وابسطہ ہونے پر اظہارِ خیال کیا۔

اُنہوں نے سکھر ایوانِ صنعت و تجارت کی ریجن میں تجارتی و صنعتی سرگرمیوں میں اضافے کیلئے کی گئی کاوشوں پر روشنی ڈالتے ہوئے مہمان وفد کو آگاہ کیا کہ سکھر میں صنعتی علاقوں کے قیام اور ایکسپورٹ پراسیسنگ زون کے ساتھ ساتھ سکھر ڈرائی پورٹ کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں سکھر ایوانِ صنعت و تجارت سیالکوٹ اور ملتان ایوانہائے صنعت و تجارت کی سرکردگی میں قائم ہونے والے ڈرائی پورٹس پر مشاورت سے مستفید ہو رہا ہے۔

ایوان کے نائب صدر نے سکھر کے قبل از پاکستان سے تجارتی دریائی گزرگاہ کی حیثیت اورنمایاں تجارتی منڈی ہونے سے بھی آگاہ کیا ۔اس موقع پر نائب صدرِ ایوان اور نیشنل انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ ، کراچی کی ایڈیشنل ڈائریکٹنگ اسٹاف محترمہ ثمینہ انتظارنے اپنے اداروں کی یادگاری شیلڈز پیش کیں۔کورس کے شرکاء کے اعزاز میں ایوان نے عشایہ کا اہتمام کیا ۔ اس موقع پر سابق صدور محمد دین، انجینئر عبدالفتاح شیخ،عامر علی خان غوری، اراکینِ ایوان علی بخش خان مہر، محمد رفیق ڈوسانی،عرفان صمد، رہیم بخش بھٹو اور سیکریٹری ایوان اسرار حسین بھٹی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :