حکومت شہری ودیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ،صوبے میں کروڑوں کی لاگت سے سڑکوںکے منصوبوں کا جال بچھایا جارہا ہے ، پہلے بھی عوام کی بلاتفریق خدمت کی ہے ،آئندہ بھی سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر عوام کی بے لوث خدمت کرتے رہیں گے

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے زکواة ،اوقاف و مذہبی امور حاجی حبیب الرحمن کی لیزارہ ڈھیری روڈ کے تعمیراتی کام کے معائنے کے دوران گفتگو

بدھ 29 مارچ 2017 21:39

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2017ء)خیبر پختونخوا کے وزیر برائے زکواة ،اوقاف و مذہبی امور حاجی حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت شہری اور دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ صوبے میں کروڑوں روپے کی لاگت سے سڑکوںکے منصوبوں کا جال بچھایا جارہا ہے تاکہ عوام کو آمدورفت کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے، پہلے بھی عوام کی بلاتفریق خدمت کی ہے اور آئندہ بھی سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر عوام کی بے لوث خدمت کرتے رہیں گے وہ بدھ کو بونیر میں شالیزارہ ڈھیری روڈ کے تعمیراتی کام کے معائنے کے دوران موقع پر موجود لوگوں سے بات چیت کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے سڑک کے تعمیراتی کام پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ مذکورہ روڈ انشاء اللهاسی سال مکمل ہو جائے گی جس سے عوام کو آمدورفت میں درپیش مشکلات کا ازالہ ہو جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو درپیش مسائل کے حل کیلئے انکے حجرے کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے لہٰذا لوگوں کو چاہیے کہ وہ بلا ججھک اُنہیں اپنے مسائل سے آگاہ کریں تاکہ ان کو بروقت حل کیا جا سکے۔قبل ازیں صوبائی وزیرکا موضع ڈھیری پہنچنے پر پُر تپاک استقبال کیا گیا اور مقامی لوگوں نے ان کے حق میں نعرے لگائے۔