فوجی عدالتوں کا آئینی ترمیمی بل پارلیمنٹ سے ہرحال میں منظور ہو ہی جاناتھا، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ

بدھ 29 مارچ 2017 21:12

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2017ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ فوجی عدالتوں کا آئینی ترمیمی بل پارلیمنٹ سے ہرحال میں منظور ہو ہی جاناتھا۔ مسلم لیگ ن ، پی پی پی بھی متفق ہیں۔دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے سب جمہوری قوتوں نے کڑوا غیر جمہوری گھونٹ پی لیا ہے لیکن یہ امر واضح ہے کہ ایڈھاک عدالتی نظام عوامی اعتماد حاصل نہیں کر سکتا۔

عدالتی نظام ہی بہتر ، فعال اور عوام کے لیے حصول انصاف کے لیے سہل بنانا ہوگا۔انہوںنے کہاکہ گرمی شروع ہوتے ہی وزیراعظم ، وزیر، وزیرمملکت اور وزیراعلیٰ پنجاب کے لوڈشیڈنگ کے خاتمہ اور کمی کے دعوے خود انہیں شرمسار کر رہے ہیں۔ بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ سے کاروبار ، زراعت اور صنعت بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ حکمران میڈیا مہم اور اعلانات کی بجائے ہوش کے ناخن لیں عوام کے لیے مہنگائی اور لوڈشیڈنگ خاتمہ کا بندوبست کریں۔

انہوں نے مزیدکہاکہ چیف آف آرمی سٹاف قمر جاوید باجوہ کا یہ کہنا کہ اپریشن رد الفساد دیرپا استحکام کا باعث بنے گا خوش آئند ہے لیکن حکومت اور آپریشن فورسز کو ملک میں انتشار ، ردعمل اور شدت پیدا کرنے والے سیکولر ، انتہا پسند قوم پرستوں ، دین بے زار فسادیوں اور دہشتگردی کے لیے ایندھن فراہم کرنے والے سہولت کاروں کے خلاف بھی بروقت اقدام کرنا ہوں گے۔