کمانڈر ملتان کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستارنے 62ویں سالانہ پھولوں کی نمائش کا افتتاح کردیا

بدھ 29 مارچ 2017 21:12

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2017ء) کنٹونمنٹ بورڈ ملتان کے زیر اہتمام 62ویں سالانہ پھولوں کی نمائش کا اہتمام کیاگیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر ملتان کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز ستار تھے جنہوں نے نمائش کا باضابطہ افتتاح کرنے کے بعد مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے لگائے گئے رنگا رنگ پھولوں کے خوبصورت سٹالزکا معائنہ کیا۔

یہ نمائش29مارچ سے 12اپریل تک جاری رہے گی جس سے ملتان اور قرب و جوار کے لوگ محظوظ ہوسکیں گے۔ بہار کے موسم میں لگائے جانے والے اس خوبصورت پھولوں کے میلے کا آغاز برسوں قبل ملتان شہر کی رونقوں کو بڑھانے کے لئے کیاگیا تھا جسے اب تک روایتی جوش وجذبے کے ساتھ مسلسل ہر سال منایاجاتا ہے جس میں کنٹونمنٹ بورڈ اور اسٹیشن ہیڈ کوارٹر ز ملتان انتظامیہ کی شب وروز محنت نمایاں دکھائی دیتی ہے جو کہ بہار کے موسم میں تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوتی ہے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں کمانڈر ملتان کور لیفٹیننٹ جنر ل سر فراز ستارنے پھولوں کی افزائش میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے شرکاء میں سرٹیفکیٹ وشیلڈز اور انعامات تقسیم کئے اور ان کی حوصلہ افزائی فرمائی۔مقابلے میں شرکت کے لئے سب لوگوں نے بھرپور تیاری کی اور پورے کینٹ کو مختلف رنگوں کے پھولوں سے سجادیا جس نے بہار کی آمد کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا۔ تقریب میں تقسیم انعامات کے بعد رنگا رنگ ملبوسات میں سجے بچوں نے شرکاء کے سامنے خو بصورت ٹیبلوز اور ملی نغمے پیش کرتے ہوئے خوب دادوصول کی۔ اس موقع پر تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ملتان اور گرد نواح کے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :