داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے 144 ارب روپے پر مشتمل لوکل فنانسنگ کے معاہدے پر دستخط

پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی منصوبے کیلئے مقامی بنکوں کی جانب سے یہ سب سے بڑی لوکل فنانسنگ ہے معاہدے پر دستخط کی تقریب واپڈا ہائوس میں منعقد ہوئی ، چیئرمین واپڈا، حبیب بنک اور نیشنل بنک کے صدور بھی شریک ہوئے 4320میگاواٹ کا داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ دو مراحل میں مکمل ہوگا ‘ پہلا مرحلہ 4.2 ارب ڈالر کی لاگت سے تقریباً پانچ سال میںمکمل ہوگا ، 2160 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی‘ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ (ر)جنرل مزمل حسین کا تقریب سے خطاب

بدھ 29 مارچ 2017 21:12

داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے 144 ارب روپے پر مشتمل لوکل فنانسنگ کے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2017ء) داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے لئے سات مقامی بنکوں پر مشتمل کنسورشیم واپڈا کو 144 ارب روپے مہیا کرے گا، پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی منصوبے کے لئے مقامی بنکوں کی جانب سے فراہم کی جانے والی یہ سب سے بڑی فنانسنگ ہے ، مذکورہ کنسورشیم حبیب بنک کی سربراہی میں تشکیل دیا گیا ہے۔فنڈز کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کی تقریب گزشتہ روز واپڈا ہائوس میں منعقد ہوئی۔

چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ (ر) جنرل مزمل حسین ، حبیب بنک کے صدر نعمان ڈار ، نیشنل بنک کے صدر سعید احمد خان اور کنسورشیم میں شامل دیگر بنکوں کے نمائندوں نے معاہدے پر دستخط کئے۔ ممبر (فنانس) واپڈا اور ممبر (پاور ) واپڈا کے علاوہ واپڈا اور بنکوں کے سینئر آفیسرز بھی تقریب میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب میں چیئرمین واپڈا نے کہا کہ آج کا دِن پاکستان میں پن بجلی کے وسائل کو ترقی دینے کے لئے فنڈزکے انتظامات کے حوالے سے تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔

اٴْنہوں نے کہاکہ واپڈا داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی فنانسنگ میں سپورٹ کے لئے وزیراعظم، وزارت ِ پانی و بجلی اور وزارت ِ خزانہ کا شکر گزار ہے۔اٴْنہوں نے مزید کہا کہ آج کا معاہدہ مالیتی اداروں کی جانب سے واپڈا کی مضبوط مالی حیثیت پر اعتماد کا اظہار ہے۔چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ 4320 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کا داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ دو مراحل میں تعمیر کیا جارہا ہے اور ہر مرحلے کی پیداواری صلاحیت 2160 میگاواٹ ہے۔

منصوبے کا پہلا مرحلہ پانچ سال میں مکمل ہوگا اور اِس پر لاگت کا تخمینہ4.2ارب ڈالر ہے۔ عالمی بنک منصوبے کے پہلے مرحلے کی تعمیر کے لئے تقریباً ایک ارب ڈالر مہیا کر رہا ہے، جبکہ باقی فنڈز کا انتظام واپڈا خود اپنے وسائل اور حکومت ِ پاکستان کی گارنٹی کے ساتھ کر رہاہے۔ اٴْنہوں نے کہا کہ 144 ارب روپے کی فراہمی کے لئے آج طے پانے والے معاہدے کے علاوہ 350 ملین ڈالر پر مشتمل غیر ملکی فنانسنگ کے لئے بھی معاہدے کو تقریباً حتمی شکل دی جاچکی ہے اور اِس پر بھی بہت جلد دستخط کئے جائیں گے۔

پانی اور پن بجلی کے شعبوں میں واپڈا کے زیرِ تعمیر منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے اٴْنہوں نے کہا گزشتہ 6 ماہ کے دوران واپڈا کی مربوط کوششوں اور م?ثر انتظامات کی بدولت اِن منصوبوں کی تکمیل میں درپیش رکاوٹوں کو دور کر دیا گیا ہے اور اب یہ تیزی سے اپنی تکمیل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ اٴْنہوں نے بتایا کہ 969میگاواٹ کا نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ ، 1410میگاواٹ کا تربیلا کا چوتھا توسیعی منصوبہ اور 106میگاواٹ کا گولن گول ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 2017 ء کے اواخر سے 2018 ء کے وسط تک مرحلہ وار مکمل ہو جائیں گے۔

کچھی کینال کا پہلا مرحلہ بھی اگست سے دسمبر 2017ء کے دوران مکمل کر لیا جائے گا اور اِس سے بلوچستان کے دور افتادہ اور پسماندہ ضلع ڈیرہ بگٹی میں 72ہزار ایکڑ اراضی زیر کاشت آئے گی۔ اٴْنہوں نے کہا کہ اِن منصوبوں کی تکمیل سے ملک کی اقتصادیات میں استحکام آئے گا اور معاشرتی شعبہ میں بھی ترقی ہوگی۔تقریب سے حبیب بنک کے صدر نعمان ڈار اور نیشنل بنک کے صدر سعید احمد خان نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :