علامہ سبطین حیدر سبزواری کا مہنگائی کی حالیہ لہرپراظہار تشویش، قیمتوں میں کمی، پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کرنے کا مطالبہ

بدھ 29 مارچ 2017 20:51

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2017ء) اسلامی تحریک پاکستان صوبہ پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے مہنگائی کی حالیہ لہرپر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتوں میں کمی اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو فعال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوںنے کہا کہ ٹماٹر، مرغی کے گوشت اور دالوں کے بھاو آسمان سے باتیں کررہے ہیں، جس کی وجہ سے ضروری خوردنی اشیا عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوگئی ہیں۔

(جاری ہے)

مگر حکمران اور متعلقہ ریاستی ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ پرائس کنٹرول کمیٹیاں عملی طور پر کہیں نظر نہیں آتیں اور نہ ہی مہنگائی پر قابو پایا گیا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ پٹرول کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا جس کی کوئی ضرورت نہ تھی،مگر حکمرانوں کی من مانیاں اور مفادات عوام کے لئے مشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔ اس طرف توجہ نہ دی گئی تو عام آدمی سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوگا۔ جس کے بعد حالات ان کے کنٹرول میں نہیں رہیں گے۔ حکمران اپنے شاہانہ اخراجات کو کم کرکے فلاحی مملکت کا تصور پیش کریں اور خود مثال قائم کریں ورنہ سب جانتے ہیں کہ اقتدار مستقل کسی کا نہیں رہتا۔

متعلقہ عنوان :