نجی ٹی وی کے پروگرام -’’خبر کے پیچھے ‘‘ میں بے بنیاد اور غلط الزام نشر کرنے پر پیمراکاچینل کو3اپریل 2017؁ء تک جوابدہی کا حکم

بدھ 29 مارچ 2017 20:49

نجی ٹی وی کے پروگرام -’’خبر کے پیچھے ‘‘ میں بے بنیاد اور غلط الزام ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2017ء) پیمرا نے نجی ٹی وی کے پروگرام -’’خبر کے پیچھے ‘‘ میںبے بنیاد اور غلط الزام نشر کرنے پر چینل کو3اپریل 2017؁ء تک جوابدہی کا حکم دیدیا۔ بدھ کو ترجمان پیمرا کے مطابق نجی ٹی وی ( نیو)پر مورخہ27مارچ 2017؁ء کورات10سے 11 بجے پروگرام ’’خبر کے پیچھے‘‘ نشر ہوا جس کے میزبان فواد چوہدری ہیں۔

اس پروگرام میں مہمان ریاض حسین کی جانب سے الزام لگایا گیا کہ اُنکے مغوی بھائی شیراز خان کوپاکستان ائیر فورس کے اہلکاروں نے اغواء کیا ہے۔ جبکہ پاکستان ائیر فورس کی جانب سے پیمرا کو ایک شکایت موصول ہوئی ہے جس میں انہوں نے اس بے بنیاد الزام کی سختی سے تردید کی ہے۔ مزید برآں شکایت کنندہ نے یہ بھی کہا ہے کہ پروگرام کے میزبان فواد چوہدری جو کہ مذکورہ اغواء کے معاملے میں ریاض حسین کے وکیل بھی ہیںمیڈیا کا نا جائز اور غلط استعمال کر رہے ہیںاور اپنے ایک موکل کے کیس کیلئے اپنے ہی ٹی وی پروگرام کو استعمال کرنا مفادات کا ٹکرائو (conflict of interest) ہے، لہٰذا نیو ٹی وی اور مذکورہ اینکر پرسن کے خلاف پیمرا قوانین کے تحت کاروائی کی جائے جبکہ،چینل کا یہ عمل پیمرا آرڈیننس2002 ، پیمرا (ترمیمی )ایکٹ 2007کے سیکشن 20(c)، پیمرا رولز 2009کی شق 15(1)، الیکٹرانک میڈیاضابطہٴ اخلاق 2015کی شقوں3(1-i,j,k), 4(6)(7-a)(8)(9), 6, 17اور22اور لائسنس حاصل کرتے وقت جن قوائد و ضوابط پر دستخط کیے گئے اُن کی بھی صریحاًً خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

لہٰذا بذریعہ اظہارِ وجوہ نوٹس ہٰذا، نیوٹی وی سے پانچ (5)یوم یعنی مؤرخہ 3 اپریل 2017؁ء سہ پہر4بجے تک جواب طلب کیا جاتا ہے کہ وہ اس بات کی وضاحت کرے کہ کیوں نہ لائسنس ہولڈر پرمیڈیاکا غلط استعمال کرتے ہوئے بے بنیاد اور غلط الزام نشر کرنے پر ،سیکشن 27 کے تحت پروگرام’’ خبرکے پیچھے‘‘ کو بند کر دیا جائے یاسیکشن 29 کے تحت نیو ٹی وی پردس لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جائی یاسیکشن 30 کے تحت نیو ٹی وی کا لائسنس معطل یا منسوخ کر دیا جائے مزید برآںنیو ٹی وی کے چیف ایگزیکٹو آفیسراور میزبان اگر وہ خواہشمند ہیںکو مؤرخہ 5اپریل 2017؁ء صبح12بجے اپنے دفاع میں ذاتی شنوائی کیلئے بھی بُلا یا جاتا ہے ۔

مقررہ تاریخ مؤرخہ 3 اپریل 2017؁ء سہ پہر 4بجے تک جواب نہ ملنے یا مقررہ تاریخ پر ذاتی شنوائی پر پیش نہ ہونے کی صورت میں پیمرا یکطرفہ کاروائی کرنے کا مجاز ہو گا ۔