کوہاٹ ، نواحی علاقہ سماری پایاں میں سابقہ دشمنی پر ایک شخص کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا

بدھ 29 مارچ 2017 20:14

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2017ء) کوہاٹ کے نواحی علاقہ سماری پایاں میں سابقہ دشمنی پر ایک شخص کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ لاچی سے ملحقہ سماری پایاں کے علاقے میں گزشتہ روز مبینہ ملزمان رحمان ولد طور بادشاہ،واسید ولد عجب خان اور سعید خان ولد خادیم شاہ ساکنان سماری پایاں نے فائرنگ کرکے مخالف فریق کے مدثر امین ولد صوبیدان شاہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا ۔

(جاری ہے)

واردات کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے جبکہ مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے سول ہسپتال لاچی لائی گئی جہاں پولیس تھانہ لاچی نے مقتول کے بھائی اور واقعہ کے عینی شاہد عبدالقہار کی مدعیت میں واقعہ قتل مقاتلہ کی سابقہ دشمنی کا شاخسانہ قرار دیکر مخالف فریق کے تین نامزد ملزمان رحمان،واسید اور سعید خان کے خلاف قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔پولیس کو درج کئے گئے رپورٹ میں مدعی مقدمہ نے بتایا کہ وہ اپنے بھائی کے ہمراہ کہیں جارہاتھا کہ ملزمان نے راستہ روک کر ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس سے لگ کر اسکا بھائی موقع پر دم توڑ گیا جبکہ وہ خوش قسمتی سے بال بال بچ گیا۔پولیس نے قتل کے ا س واقعہ میں ملوث روپوش ملزمان اور مقدمہ کی تفتیش شروع کردی ہے۔

متعلقہ عنوان :