ٹی ڈی پیز کی مکمل وباعزت واپسی اور بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،متعلقہ حکام ٹی ڈی پیز کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں

گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا کی متعلقہ حکام کو ہدایت

بدھ 29 مارچ 2017 19:47

ٹی ڈی پیز کی مکمل وباعزت واپسی اور بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے ،متعلقہ ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2017ء)گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ ٹی ڈی پیز کی مکمل وباعزت واپسی اور بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اورمتعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ ٹی ڈی پیز کو تمام بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ وہ بدھ کے روز گورنرہاؤس پشاورمیں ڈائریکٹرجنرل فاٹاڈیزاسٹرمنیجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے دی گئی پریزنٹیشن کے دوران اظہار خیال کررہے تھے۔

اس موقع پر پرنسپل سیکرٹری برائے گورنرسکندرقیوم بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ٹی ڈی پیز کی واپسی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایاگیا کہ ری کنسٹرکشن اینڈری ہیبلیٹیشن پالیسی 2015 کے تحت مختلف مرحلوں میں تقریباً 90 فیصد تک ٹی ڈی پیز کی باعزت طور پر اپنے آبائی علاقوں کو واپسی ممکن ہوئی ہے اور ہرخاندان کو واپس جانے کیلئے ٹرانسپورٹ کی مد میں 10 ہزار روپے جبکہ 25 ہزار روپے دیگرضروریات کیلئے دیئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بتایاگیا کہ باقی رہ جانیوالے ٹی ڈی پیز کی واپسی بھی بہت جلد مکمل ہوجائیگی۔ اجلاس میں بتایاگیاکہ فاٹا کی پانچ ایجنسیوں میں 33 ہزار گھروں کا سروے مکمل ہوچکا ہے۔ اورکزئی اور کرم ایجنسی میں بحالی اوردیگر ترقیاتی کاموں پر تقریباً6 ملین ڈالر خرچ کئے جاچکے ہیں جبکہ اورکزئی اور شمالی وزیرستان ایجنسی میں مزید 7 ملین ڈالرز خرچ کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ فاٹامیں انفراسٹرکچرکی بحالی کیلئے 5 بلین روپے خرچ کئے جاچکے ہیں ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنرنے کہاکہ قبائلی عوام کو ضروریات زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ۔ انہوں نے کہاکہ انفراسٹرکچرکی بحالی اورترقیاتی منصوبوں کو تیز کیاجائے۔ گورنرنے ایف ڈی ایم اے حکام کو ہدایت کی کہ باقی رہ جانیوالے ٹی ڈی پیز کی اپنے علاقوں کو باعزت واپسی کے عمل کوبھی جلد ازجلد مکمل کیاجائے۔