نیشنل ڈیٹ ریٹائرمنٹ پروگرام این ڈی آر پی II - کے تحت ڈپازٹس کی ری پیمنٹ

بدھ 29 مارچ 2017 19:47

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) حکومت پاکستان نے قرض اتارنے کا قومی پروگرام(این ڈی آر پی)شروع کیا تھا جس کا مقصد ملک پر بڑھتے ہوئے قرضوں کا بوجھ کم کرنا تھا۔ اس پروگرام میں افراد، فرموں، کمپنیوں، اور اداروں وغیرہ سے عطیات (این ڈی آر پیI)، قرضِ حسنہ (این ڈی آر پی II)اور ٹرم ڈپازٹ(این ڈی آر پیIII) کے زمروں میں رقوم وصولی کی جانی تھیں۔

پہلے زمرے (عطیات) کے تحت رقوم ناقابلِ واپسی تھیں جبکہ دوسرے یعنی این ڈی آر پی-II اور تیسرے یعنی این ڈی آر پیIII کے تحت ڈپازٹس کم از کم دو سال کے لیے رکھوائے گئے تھے۔ ڈپازٹرز کو این ڈی آر پی-II کے تحت ڈپازٹس کے عوض بینکوں کی طرف سے ایک رسید/ سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے تھے، جبکہاین ڈی آر پی-III کے تحت ڈپازٹس کے عوض مرکزی محکمہ قومی بچت، وزارتِ خزانہ کی طرف سے اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ / ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

دو سالہ مدت پوری ہونے پر ڈپازٹرز این ڈی آر پیII کی صورت میں مساوی رقم حاصل کرنے کے مجاز تھے، جبکہ این ڈی آر پیIII کی صورت میں اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ کی شرائط و ضوابط کے تحت رقم وصول کرنے کے حقدار تھے۔یہ بات ہمارے علم میں آئی ہے کہ این ڈی آر پیII کے تحت بینکوں میں کچھ ڈپازٹس زیرِ التوا ہیں یا اب تک ادا نہیں کیے گئے ہیں۔

ایسے تمام ڈپازٹرز این ڈی آر پیII قرضِ حسنہ) کے تحت اپنے ڈپازٹس کی رقم وصول کرنے کے لیے اصل رسید سرٹیفکیٹ کے ساتھ اپنے بینکوں کی متعلقہ برانچوں سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ کمرشل بینکوں کو بھی ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ان دعوے داروں کو سہولت دیں اور متعلقہ قواعد و طریقہ کار کے مطابق مناسب تصدیقی عمل کے بعد ڈپازٹ کی رقم واپس کر دیں۔ بینک یہ ادائیگیاں کرنے کے بعد اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے وصولی کے لیے اپنے دعوے جمع کراتے وقت ان ادائیگیوں کے کاغذات اور وثیقہ جات (instruments) وغیرہ جمع کرائیں گے۔