شہریوں کو سستی رہائشی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ گورنر سندھ

بدھ 29 مارچ 2017 19:47

شہریوں کو سستی رہائشی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ کراچی ملک کا معاشی حب اور ایک بڑا صنعتی زون کا حامل شہر ہے جہاں پورے ملک سے لوگ روزگار کے حصول کے لئے آکر آباد ہیں بدقسمتی سے شہر بغیر کسی ماسٹر پلان کے پھیلتا گیا جس سے دیگر مسائل کے ساتھ ساتھ رہائش کامسئلہ بھی سنگین ہو رہا ہے لیکن شہریوں کو سستی رہائشی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو سستے رہائش منصوبے نجی شعبہ کے تعاون جاری رکھے گی اس ضمن میں نجی شعبہ عوام کی مشکلا ت کے پیش نظر سستے رہائشی منصوبے تشکیل دیں حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے گورنر ہائوس میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیویلپرز (آباد) کے 13 رکنی وفد جس کی سربراہی آباد کے چیئر مین محسن شیخانی کررہے تھے سے ملاقات میں کیا ۔

(جاری ہے)

ملاقات میں تعمیراتی صنعت کی ترقی اور اس سے متعلق مسائل اور غریبوں کے لئے سستے رہائشی منصوبے، کم قیمت مکانات کی تیاری کے بارے میں تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔گورنر سندھ نے کہا کہ ہائوسنگ کراچی کے شہریوں کے لئے ایک بڑا مسئلہ ہے اس ضمن میں آباد کا کردار اہمیت کا حامل ہے ، ایک لاکھ کم لاگت رہائشی یونٹس کی فراہمی کے لئے آباد کا منصوبہ نہایت خوش آئند ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ترقیاتی اداروں اور آباد کے درمیان قریبی تعاون سے شہریوں کو مناسب قیمت میں رہائشی سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں اس سلسلہ میں حکومت تعمیراتی صنعت کے فروغ کے لئے ہر ممکن تعاون و مدد فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں تعمیرات کے دوران بنیادی سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنا نا ہوگا تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ، بنیادی سہولیات فراہم کرنے والے ادارے تعمیراتی صنعت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں ۔

ملاقات میں آباد کے چیئر مین محسن شیخانی نے گورنر سندھ کے وژن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو مناسب قیمت میں رہائشی سہولیات فراہم کی جا سکتی ہیں حکومت کے تعاون سے کم قیمت رہائشی یونٹس بنانے کے لئے تیار ہیں ، کم لاگت مکان کی قیمت 15 سے 19 لاکھ روپے ہوگی جبکہ الاٹی سے 3 سے 4 لاکھ روپے لئے جائیں گے باقی آسان اقساط کا لون ہو گا ۔

متعلقہ عنوان :