سندھ، 19 ہزار گاڑیاں چیک، 80 لاکھ روپے ٹیکس وصول، 813 گاڑیاں ضبط۔ مکیش کمار چاولہ

بدھ 29 مارچ 2017 19:47

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) صوبے بھر میں ٹیکس نا دہندگاں گاڑیوں کے خلاف جاری مہم کے دوران ابتک نو دنوں میں 16،851 گاڑیوں کو چیک کیا گیا ہے جن سے مجموعی طور پر 8،210،592 روپے ٹیکس وصول کیا گیا ہے۔ یہ بات بدھ کو صوبائی وزیر برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاولہ کی صدارت میں ہونے والے ایک اجلاس کو بتائی گئی۔

اجلاس میں سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات عبد الحلیم شیخ اور ڈائریکٹر جنرل شعیب احمد صدیقی نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کو ڈائریکٹر جنرل شعیب احمد صدیقی نے بتایا کہ رواں ماہ میں 20 مارچ سے شروع ہونے والی روڈ چیکنگ مہم کے دوران ابتک کراچی میں 8367، حیدر آباد میں 3004،سکھر میں 1707 ، لاڑکانہ میں 1288 ، میرپور خاص میں 1500 اور شہید بے نظیر آباد میں 925 گاڑیوں کو چیک کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ رواں چیکنگ مہم کے دوران ابتک 813 گاڑیوں کو قبضے میں لیا گیا۔ 1884 گاڑیوں کے کاغذات ضبط کئے گئے تاہم ٹیکسوں اور جرمانے کی ادائیگی کے بعد 1284 گاڑیوں کے کاغذات واپس کردیے گئے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ چیکنگ کے دوران گاڑیوں سے ٹیکس کی مد میں 4،778،383 روپے، ود ہولڈنگ ٹیکس کی مد میں 2،712،165 روپے اور جرمانے کی مد میں 7،20،044 روپے وصول کئے گئے۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ نے روڈ چیکنگ مہم پر اپنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ رواں مہم کے دوران زیادہ سے زیادہ گاڑیوں سے ٹیکس وصول کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :