سپریم کورٹ کا ڈی جی نیب عالیہ رشید سمیت کوئٹہ،لاہور اور کراچی کے ڈی جیز کو ڈی نوٹیفائی کرنیکا حکم

عدالت عظمیٰ نے نیب کے 102سے زائد افسران کی تعلیمی قابلیت کو جانچنے کیلئے کمیٹی قائم کردی ،کمیٹی شوکاز نوٹس جاری کرکے ان کا موقف سنے گی، دوماہ میں اپنی رپورٹ جمع کرائے گی خالی ہونے والی آسامیاں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے پر کی جائیں،چیئرمین نیب خالی ہونے والی آسامیاں عارضی طور پر پر کرسکتے ہیں،عہدے سے برطرف کیے جانے والے ڈائریکٹر جنرلز کو مراعات مل سکیں گی،عدالت

بدھ 29 مارچ 2017 19:43

سپریم کورٹ کا ڈی جی نیب عالیہ رشید سمیت کوئٹہ،لاہور اور کراچی کے  ڈی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 مارچ2017ء) سپریم کورٹ نے ڈی جی نیب آگاہی عالیہ رشید سمیت کوئٹہ،لاہور اور کراچی کے نیب ڈی جیز کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم دے دیا،عدالت عظمیٰ نے نیب کے 102سے زائد افسران کی تعلیمی قابلیت کو جانچنے کیلئے کمیٹی قائم کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمیٹی شوکاز نوٹس جاری کرکے ان کا موقف سنے گی اور دوماہ میں اپنی رپورٹ جمع کرائے گی۔

بدھ کو سپریم کورٹ نے نیب میں غیرقانونی بھرتیوں سے متعلق ازخود کیس کی سماعت جسٹس امیر مسلم ہانی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی،عدالت نے ڈی جیب نیب کوئٹہ،ڈی جی نیب لاہور،ڈی جی نیب کراچی اور ڈی جی نیب آگاہی عالیہ رشید کو ڈی نوٹیفائی کرنے حکم دیا۔عدالت نے ڈی جی نیب عثمان مجید کو ملازمت کیلئے اہل قرار دیا۔

(جاری ہے)

سیکرٹری نیب نے بتایا کہ 137میں سے 35ملازمین ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں،عدالت نے نیب کے 102سے زائد افسران کی تعلیمی قابلیت جانچنے کیلئے کمیٹی قائم کردی،کمیٹی میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ،ڈی جی اچ آر نیب شامل ہوں گے،کمیٹی میں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کا بھی ایک افسر ہوگا،کمیٹی ملازمین کو شوکاز نوٹس جاری کرکے ان کا موقف سنے گی،کمیٹی دوماہ میں اپنی رپورٹ جمع کرائے گی۔

عدالت نے کہا کہ خالی ہونے والی آسامیاں فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے پر کی جائیں۔چیئرمین نیب خالی ہونے والی آسامیاں عارضی طور پر پر کرسکتے ہیں۔عدالت نے کہا عہدے سے برطرف کیے جانے والے ڈائریکٹر جنرلز کو مراعات مل سکیں گی۔…(خ م)