پانی کے رساؤ اور اس کے ضیاع کو روکنے کیلئے جمڑاؤ کینال ویسٹ برانچ کی لائننگ کا کام جاری ہے،نثار کھوڑو

رانی پور ہنگورجا اور صوبو ڈیرو اور دوسرے سرکاری اسپتالوں میں عارضہ قلب کی عام دوائیں وافر مقدار میں موجود ہیں ،ڈاکٹرسکندر میندھرو کا وقفہ سوالات میں جواب

بدھ 29 مارچ 2017 19:24

پانی کے رساؤ اور اس کے ضیاع کو روکنے کیلئے جمڑاؤ کینال ویسٹ برانچ کی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2017ء) سندھ کے وزیر پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پانی کے رساؤ اور اس کے ضیاع کو روکنے کے لیے جمڑاؤ کینال ویسٹ برانچ کی لائننگ کا کام جاری ہے اور اس سلسلے میں 5 اپریل تک پانی کی فراہمی کا سلسلہ روکا گیا ہے ۔ بدھ کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں ایم کیو ایم کے ڈاکٹر ظفر احمد خان کمالی کے توجہ دلاؤ نوٹس کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرپورخاص میں چار متبادل ذرائع سے پانی فراہم کیا جا رہا ہے اور جمڑاؤ کینال میں کام شروع کرنے سے قبل ضلعی انتظامیہ و بلدیاتی اداروں کو پیشگی طور پر بتادیا گیا تھا کہ وہ پانی کا ذخیرہ کر لیں تاکہ شہریوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

ظفر کمالی کا کہنا تھا کہ کینال کی بندش سے شہریوں اور زمینداروں کو سخت پریشانی کا سامنا ہے ۔

(جاری ہے)

ایم کیو ایم کے رکن جمال احمد کے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وزیر بلدیات جام خان شورو نے کہا کہ فاضل رکن نے شادمان ٹاؤن کے ایک فلاحی پلاٹ پر جھگیوں اور تجاوزات کی جو نشاندہی کی ہے ، یہ معاملہ ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے ۔ عدالت کی جانب سے یہ معاملہ نمٹائے جانے کے بعد تجاوزات کے خلاف ایکشن لیا جائے گا اور انہیں ختم کر دیا جائے گا ۔

پیپلز پارٹی کی غزالہ سیال کے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو نے وضاحت کی کہ رانی پور ہنگورجا اور صوبو ڈیرو اور دوسرے سرکاری اسپتالوں میں عارضہ قلب کی عام دوائیں وافر مقدار میں موجود ہیں ۔ تاہم ایڈوانس دوائیں وہاں نہیں رکھی جاتیں کیونکہ یہ دوائیں بڑے اسپتالوں میں موجود ہوتی ہیں ، جو ان علاقوں سے زیادہ فاصلے پر نہیں ہیں ۔

ایم کیو ایم کے محمد سلیم راجپوت کے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وزیر منصوبہ بندی و ترقیات میرہزار خان بجارانی نے بتایا کہ فاضل رکن کے حلقہ انتخاب میں زیر تعمیر سڑک کی تعمیر کا منصوبہ رواں مالی سال کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ زیر زمین ڈرینیج لائن کی مرمت منصوبے کی جلد تکمیل کی راہ میں حائل ہے ۔ ایم کیو ایم کے معین پیرزادہ کے ایک توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وزیر بلدیات جام خان شورو نے یقین دلایا کہ اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر 32 اور 34 میں لوگوں کی سہولت کے لیے 24 انچ قطر کی فراہمی آب کی لائن بچھائی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :