حکومت ملک میں تعلیمی نظام بہتر بنانے، مذہبی برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے تمام تر کوششیں کر رہی ہے، سردار محمد یوسف

بدھ 29 مارچ 2017 19:19

حکومت ملک میں تعلیمی نظام بہتر بنانے، مذہبی برداشت اور بین المذاہب ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مارچ2017ء) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ملک میں تعلیمی نظام بہتر بنانے، مذہبی برداشت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے تمام تر کوششیں کر رہی ہے۔ بدھ کو یہاں گلشن فاطمہ کالونی ڈھوک حسو میں لوح قلم سکول سسٹم کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، مذہبی آزادی اور مساوات کو یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگرچہ ملک کو چیلنجوں کا سامنا ہے تاہم پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو ان بحرانوں سے باہر نکالے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مسائل کے حل کے لئے تمام تر کوششیں کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بعض ملک دشمن عناصر فرقہ واریت اور منافرت کے ذریعے ملک کو کمزور کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں تاہم وہ اپنے عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے استحکام کے لئے علماء کرام اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ اسلام امن، مذہبی برداشت اور مساوات کا درس دیتا ہے۔